رسائی کے لنکس

کراچی: سستی بجلی، نئے منصوبوں کا افتتاح


وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے حصول کے لیے بجلی پیدا کرنے کے نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے منگل کے روز کراچی کے پورٹ قاسم علاقے میں کوئلے سے چلنے والے بجلی کے دو نئے منصوبوں کا افتتاح کیا، جس موقعے پر اُنھوں نے ان منصوبوں کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں کے ذریعے 1320میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ اُن کی حکومت عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اسی غرض سے بجلی پیدا کرنے کے نئے نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔

انھوں نے بتایا عنقریب وہ کچھ مزید نئے منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔

وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لئے گڈانی میں 6ہزار 600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے، جبکہ تھر میں بھی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے 10منصوبوں پر عنقریب کام شروع ہوگا۔

منگل سے شروع ہونے والے منصوبوں پر ڈیڑھ سے دو ارب ڈالر لاگت آئے گی؛ اور یہ منصوبے سنہ 2017 میں مکمل ہوں گے۔ اِن منصوبوں کو چین اور قطر کے نجی شعبے کے تعاون سے شروع کیا جارہا ہے۔

نجی شعبے میں کوئلے سے چلنے والا یہ پاکستان کا پہلا بجلی گھر ہوگا؛ اور کوئلے کے استعمال سے سستی بجلی پیدا کی جا سکے گی۔

موجودہ حکومت نے گزشتہ سال نومبر میں کراچی میں ہی کوسٹل ایٹمی پاور پلانٹ منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔ اس طرح، آج شروع ہونے والا یہ دوسرا بڑا منصوبہ ہے۔
XS
SM
MD
LG