رسائی کے لنکس

امریکی ’سیکرٹ سروس‘ کو نئے اسیکنڈل کا سامنا


’اگر بدانتظامی کی چلن کا الزام ثابت ہوتا ہے، تو مروجہ قانون اور ضوابط کے تحت، اُن کے خلاف ضابطے کی مناسب کارروائی کی ہوگی‘: ترجمان سیکرٹ سروس

امریکی خفیہ ادارے کے دو چوٹی کے اہل کاروں کے خلاف تفتیش کی جا رہی ہے، جن پر الزام ہے کہ رات گئے تک جاری رہنے والی ایک محفل میں شرکت کے بعد، سرکاری گاڑی میں سوار اِن حضرات نے کار وائٹ ہاؤس کے سکیورٹی حصار سے ٹکرا دی۔

یہ رپورٹ بدھ کے روز ’دِی واشنگٹن پوسٹ‘ میں شائع ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقامی پولیس اور سیکرٹ سروس کے حکام وائٹ ہاؤس کے نزدیک برآمد ہونے والی ایک مشتبہ گٹھڑی کے بارے میں چھان بین کر رہے ہیں، جن ایجنٹس پر الزام ہے کہ اُنھوں نے بند داخلی راستے سےاندر آنے کی کوشش کی۔

’واشنگٹن پوسٹ‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وقوعہ پر تعینات حکام اِن ایجنٹس کو گرفتار کرکے اُن کا طبی معائنہ کرنا چاہتے تھے؛ لیکن، اُن کے سپروائزر نے دونوں کو چھوڑنے کے احکامات دیے۔

اِن میں سے ایک ایجنٹ کی شناخت صدر براک اوباما کی ذاتی سکیورٹی سے وابستہ کمان کے نمبر دو رینک کے اہل کار کے طور پر کی گئی ہے۔ معاملے کی تفتیش محکمہٴہوم لینڈ سکیورٹی کر رہا ہے، جو اس خفیہ ادارے کی نگرانی کے فرائض انجام دیتا ہے۔

سیکرٹ سروس کے ترجمان، برائین لیئری کے بقول، ’اگر بدانتظامی کی چلن کا الزام ثابت ہوتا ہے، تو مروجہ قانون اور ضوابط کے تحت، اُن کے خلاف ضابطے کی مناسب کارروائی کی ہوگی‘۔

XS
SM
MD
LG