رسائی کے لنکس

نئی کامیاب جاسوی اور ایکشن فلم، سالٹ


انجلینا جولی کی نئی فلم سالٹ نے امریکی باکس آفس پر اپنی نمائش کے پہلے ہی ہفتے میں ساڑھے تین کروڑ ڈالر سے زیادہ کا بزنس کیا ہے ۔فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فلم کی کامیابی میں تجسس پر مبنی کہانی اور ہالی ووڈ کے ایک بڑے نام کی موجودگی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

فلم کی کہانی کچھ اس طرح ہے کہ ایک روسی غدار جب امریکی سی آئی اے کی ایک ایجنٹ ایویلین سالٹ پر روسی جاسوس ہونے کا الزام لگاتاہے تو وہ روپوش ہو جاتی ہیں۔ فلم کی کہانی اس نکتے کے گرد گھومتی ہے کہ ایجنٹ سالٹ کیوں روپوش ہے اور کیا وہ روسی جاسوس ہے ؟ اور کیا وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے روسی صدر پر قاتلانہ حملے کو بے نقاب کرنا چاہتی ہے یا خود روسی صدر کو قتل کرنا چاہتی ہے۔

سالٹ کسی کو کچھ نہیں بتاتی اور اس کا چہرہ بھی اس کے ارادوں کو ظاہر نہیں کرتا ۔ اسے ایف بی آئی اور سی آئی اے کے کارکن پکڑنے میں ناکام رہتے ہیں۔ سالٹ کی روپوشی کہانی میں تجسس پیدا کر تی ہے اور اس کے لیے مشکلات بھی ۔ تاہم فلم کی کہانی چاہے کتنے ہی موڑ لے لیکن ہر جاسوسی فلم کی طرح اس کا انجام بھی قابل پیش گوئی ہی تھا۔

فلم میں انجلینا جولی کے کام کو بہت سراہا گیا، جنہوں نے ایکشن سے بھرپور مناظر اورا سٹنٹس بھی خود کیے۔ انجلینا اس سے پہلے بھی ایکشن فلمیں کر چکی ہیں ۔وہ کہتی ہیں کہ میں اس ٹیم کے ساتھ دس برس سے کام کررہی ہوں ۔ وہ مجھ سے خاندان ہی کے ایک فرد جیسا برتاؤ کرتے ہیں اور میرے ہر ایکشن پر نظر رکھتے ہیں اور میری خیریت کو یقینی بناتے ہیں اور میں ان پر بھروسہ کرتی ہوں۔

اس تمام ایکشن کے باوجود انجلینا اپنی اداکاری سے کہانی میں سنجیدگی بھی پیدا کرتی ہیں۔ اگرچہ یہ کردار ایک مرد اداکار کے لیے تخلیق کیا گیاتھا لیکن انجلینا جولی کی اداکاری نے کہیں بھی یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ یہ کردار ایک مرد ہی نبھا سکتا تھا۔

ڈائریکٹر فلپ نوئس کی ہدایتکاری اور سرد جنگ کے زمانے کی فلموں کی طرح کے ماحول نے اس فلم کو شائقین کے لئے گرمیوں کی چھٹیوں کی ایک دلچسپ تفریح بنا دیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG