رسائی کے لنکس

برطانیہ: لندن میں سال نو کا جشن


11 منٹ پر مشتمل آتش بازی کے مظاہرے میں جنگ عظیم اول کی صد سالہ یاد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اس موقع پر پوپی( گل لالہ ) کی علامت کے طور پر آسمان کو سرخ آتشبازی کے ساتھ نہلا دیا گیا۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں سال نو کےجشن کی سب سے شاندار تقریب دریائے ٹیمزکے کنارے ساوتھ بنک پرمنعقد ہوئی۔ آتش بازی کا دلکش نظارہ د یکھنے کے لیے مقامی آبادی اور سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

جیسے ہی دنیا کے معروف گھڑیال بگ بینگ نے سال کی آخری شب میں بارہ بجےکا گھنٹہ بجایا آسمان رنگ برنگی پھلجھڑیوں اور آتش بازی سے جگمگا اٹھا جبکہ فضا میں خوشیوں کے ترانے گونجنے لگے. اس موقع پر موسیقی کی رنگا رنگ تقریب کے ساتھ نئےسال 2015 کو خوش آمدید کہا گیا۔

دنیا کے دیگر حصوں کی طرح برطانوی دارالحکومت لندن اور ایڈنبرگ میں سال نو کے جشن کی سب سے بڑی تقریبات منعقد ہوئیں جہاں لاکھوں افراد نے نئے سال کا استقبال انتہائی جوش و خروش کے ساتھ کیا اگرچہ اس بار لندن میں سال نو کا جشن دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدنا ضروری تھا اور صرف ایک لاکھ خوش نصیب سال نو کی آتش بازی سے لطف اندوز ہو سکے جبکہ ایڈنبرگ میں لگ بھگ 75 ہزار افراد نے آتش بازی کا خوبصورت نظارہ دیکھا۔

​اکتیس دسمبر کی شب نئے سال کی آمد کے استقبال کے موقع پربگ بینگ کے ساتھ ساتھ لندن کی فلک بوس عمارت شارڈ ٹاور کو بھی روشنیوں سے نہلا دیا گیا جبکہ گذشتہ سال کو الوداع کہنے کے لیے 11 منٹ پر مشتمل آتش بازی کے مظاہرے میں جنگ عظیم اول کی صد سالہ یاد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اس موقع پر پوپی( گل لالہ ) کی علامت کے طور پر آسمان کو سرخ آتشبازی کے ساتھ نہلا دیا گیا۔

لندن کی میوزیکل آتشبازی دیکھنے کے شائقین سہ پہر سے ہی مرکزی لندن میں جمع ہونا شروع ہو گئے تھے جبکہ سخت سردی کے باوجود ہرعمر اور رنگ ونسل سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اس تقریب سے بھر پور لطف اٹھایا اس موقع پرمرکزی لندن میں ویسٹ منسٹر کے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

لندن میں برطانوی ہاوس آف پارلیمنٹ اور بگ بینگ کے ساتھ معروف رائیڈ (لندن آئی ) کے اندر اور باہر نیلے، سبز، سفید، جامنی،گلابی اور سرخ رنگ کی خوبصورت آتش بازی کے مظاہرہ کیا گیا جس میں لگ بھگ 12 ہزار یا 15 ٹن آتش بازی استعمال ہوئی ۔

لندن میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے رات گرچا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ گھروں میں دوست احباب کے ہمراہ مل کر نئے سال کو خوش آمدید کہنے کی روایت بھی اسی طرح برقرار رہی۔

XS
SM
MD
LG