رسائی کے لنکس

دنیا بھر میں سال نو کی تقریبات


روس میں ماسکو کے مشہور زمانہ ریڈ اسکوائر کو بھی بند کر دیا گیا۔ روایتی طور پر یہاں سال نو کو گھنٹیاں بجا کر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

دنیا بھر میں سال 2016ء کو خوش آمدید کہا جا رہا ہے اور اس موقع پر بڑی تقریبات کا اہتمام تو کیا گیا لیکن ساتھ ہی ساتھ دہشت گردی کے خطرات کے باعث سخت حفاظتی انتظامات دیکھنے میں آئے جب کہ بعض جگہوں پر سال نو کی روایتی تقریبات کو منسوخ بھی کر دیا گیا۔

امریکہ کے شہر نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر پر دس لاکھ سے زائد لوگوں کی موجودگی میں سال نو کو خوش آمدید کہا گیا ہے اور رات بارہ بجتے ہیں یہ پورا علاقہ رنگوں اور روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔

جرمنی کے شہر میونخ میں پولیس نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر دو ریلوے اسٹیشز بند کر دیے اور لوگوں کو بھیڑ والی جگہہ پر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

روس میں ماسکو کے مشہور زمانہ ریڈ اسکوائر کو بھی بند کر دیا گیا۔ روایتی طور پر یہاں سال نو کو گھنٹیاں بجا کر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

گو کہ ریڈ اسکوائر کی بندش کے بارے میں سرکاری طور پر تو کچھ نہیں بتایا گیا لیکن بظاہر یہ اکتوبر میں مصر میں روسی مسافر طیارہ مار گرائے جانے کے بعد کیے گئے حفاظتی انتظامات کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔ روس نے شام میں بھی شدت پسندوں کے خلاف اپنی فضائی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔

انڈونیشیا کے شہر جکارتا میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔

یورپی ملک بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں سال نو کی تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ شہر کے میئر کا کہنا تھا کہ آتشبازی کی مرکزی تقریب کو دیکھنے کے لیے آنے والے ہزاروں افراد کی جانچ پڑتال کرنا تقریباً ناممکن ہے۔

برسلز کی پولیس کے مطابق اس نے نومبر میں پیرس میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں ملوث ہونے کے شبے میں دسویں شخص کو بھی گرفتار کیا ہے جبکہ چھ دیگر افراد کو سال نو کی تقریبات میں دہشت گردی کی مبینہ منصوبہ سازی کے شبے میں حراست میں لیا۔

پیرس میں روایتی طور پر آتشبازی کے ذریعے سال نو کو خوش آمدید نہیں کیا گیا لیکن محراب فتح پر لوگ جمع ہوئے اور نئے سال کو خوش آمدید کہا۔

صدر فرانسواں اولاند نے سال نو کے پیغام میں کہا کہ فرانس کو ابھی دہشت گردی سے نمٹنا ہے اور دہشت گردی کا انتہائی خطرہ بدستور موجود ہے۔

برطانیہ میں لندن اور اینڈنبرگ میں شاندار آتشبازی کے مظاہروں کے ساتھ 2016ء کو خوش آمدید کہا گیا۔

XS
SM
MD
LG