رسائی کے لنکس

اسلامی مرکز کا پروجیکٹ جاری رہے گا: امام فیصل


امریکی امام ، جو نیویارک میں 11ستمبر کےدہشت گردحملوں کے مقام کے قریب اسلامی مرکزتعمیر کرنے کے منصوبے میں پیش پیش ہیں، نے کہا ہے کہ یہ پراجیکٹ جاری رہے گا۔

بدھ کے روز اخبار ‘نیو یارک ٹائمز’ میں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں امام فیصل عبد الرؤف نے کہا کہ سینٹر سے متعلق مباحثہ امریکی اقدار کا غماز ہے، جِس میں دوسروں کے حقوق کو تسلیم کرنا، رواداری اور عبادت کی آزادی کے اقدار شامل ہیں۔
اُنھوں نےصدر براک اوباما اور نیو یارک سٹی کے میئر مائیکل بلومبرگ کی طرف سے حمایت کی طرف بھی توجہ دلائی، یہ کہتے ہوئے کہ اُن کے بیانات امریکی اقدار کے بارے میں ایک مضبوط پیغام کا درجہ رکھتے ہیں۔

امام فیصل نے کہا کہ کمیونٹی سینٹر میں مسلمانوں، عیسیائیوں، یہودیوں اور دوسرے عقائد کے ماننے والوں کی عبادت کے لیے علیحدہ جگہیں مختص ہوں گی۔

مرکز میں11ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک کثیر المذاہب یادگار قائم کیا جائے گا۔

مرکز کے مخالفیں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مقام سے چند بلاک دور ایک مسجد کی تعمیر گستاخی کے مترادف ہوگی۔

امام نے کہا کہ اِس بات میں دلچسپی ہونے چاہیئے کہ پراجیکٹ کے لیے پیسے کہاں سے آئیں گے، اور یہ کہ مالی اعانت کرنے والے سارے حضرات کی شناخت واضح طور پر پیش کی جائے گی۔

اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ قرطبہ ہاؤس کے نام کے اِس پراجیکٹ کو مقامی برادری، تمام حکومتی سطحوں اور مختلف مذاہب کے ماننے والے رہنماؤں کی حمایت حاصل ہے۔

امام فیصل گذشتہ ہفتے خلیجِ عرب کے 15روزہ دورے سے لوٹے ہیں جِس کا اہتمام امریکی ٕمحکمہٴ خارجہ نے کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG