رسائی کے لنکس

ویلنگٹن ٹیسٹ کے پانچویں روز سنسنی خیز مقابلہ متوقع


عمر گل نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا
عمر گل نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

منگل کو ویلنگٹن کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 293 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی اور مہمان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 274 رنز کا ہدف ملا ہے۔

کرکٹ کے مبصرین کے مطابق میچ کے پانچویں روز سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے کیونکہ جہاں ایک طرف پاکستان کے لیے اس ہدف کا حصول کچھ اتنا مشکل نہیں وہیں کرکٹ کے کھیل میں غیر یقینی کے پیش نظر نیوزی لینڈ مہمان ٹیم کو فتح تک پہنچنے سے روک بھی سکتی ہے۔ اگر موسم کی خرابی حائل نہ ہوئی تو مبصرین کے بقول اس میچ کا فیصلہ کسی ایک ٹیم کے حق میں ہونا یقینی ہوگا۔

میزبان ٹیم نے چوتھے روز نو رنز کے اسکور پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی اور مخالف باؤلروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ابتدائی بلے بازوں گپٹل نے 73 اور میک کلم نے 64رنز بنائے ۔ٹیلر 52 رنز کے ساتھ تیسرے نمایاں کھلاڑی رہے۔

میچ کے دوران بارش کی وجہ سے کچھ دیر کھیل روکنا پڑا۔ چائے کے وقفے کے بعد عمر گل نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور کپتان وٹوری سمیت تین مزید کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

عمر گل نے چار،عبدالرحمن نے تین،محمد حفیظ نے دو اور تنویر احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلی اننگز میں میزبان ٹیم نے 356 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 376 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم اس میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی کیونکہ پہلا ٹیسٹ جیتنے کے بعد پاکستان کو سیریز میں1-0 کی برتری حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG