رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ میں طاقتور زلزلہ


دارالحکومت ویلنگٹن کے جنوب میں آنے والے 6.5 شدت کے زلزلے سے نقصانات تو بہت کم ہوئے لیکن شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن کے جنوب میں جمعہ کو 6.5 شدت کا زلزلہ آیا، جس سے نقصانات تو بہت کم ہوئے لیکن شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ساؤتھ آئی لینڈ کے شمالی حصے میں آنے والے زلزلے کا مرکز سطح زیر زمین محض آٹھ کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

فائر بریگیڈ کے حکام نے بتایا کہ زلزلے کے نقصانات کا فوری طور پر اندازہ لگانا قبل از وقت ہو گا۔

زلزلے کی وجہ سے عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا اور ان کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ دکانوں کے شلف گر گئے۔

’پیسیفک سونامی وارننگ سنٹر‘ کے مطابق زلزلے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر سونامی کا انتباہ جاری نہیں کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق تقریباً چار لاکھ آبادی والے شہر ویلنگٹن میں بعض افراد عمارتوں میں نصب لفٹوں میں پھنس گئے۔

زلزلے کے بعد ہوائی اڈوں کے رن ویز، ریل کی پٹڑیوں اور سڑکوں کا معائنہ کیا گیا، جس دوران ہوائی، ریل اور بس سروسز معطل رہیں۔

نیوزی لینڈ کے اسٹاک ایکسچینج کی سرگرمیاں بھی عارضی طور پر معطل کی گئیں، جب کہ اس واقعے کی وجہ سے امریکی ڈالر کے مقابلے میں نیوزی لینڈ کی کرنسی کی قدر میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔
XS
SM
MD
LG