رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ: متاثرہ شہر میں زلزلے کے مزید جھٹکے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے زلزلے سے تباہ حال شہر کرائسٹ چرچ میں پیر کو آنے والے زلزلے کے دو مزید جھٹکوں سے ایک عمارت منہدم ہوگئی اور لوگ خوف و ہراس کے باعث سڑکوں پر نکل آئے۔

پولیس کے مطابق زلزلے سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے تاہم 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شہر کے مرکزی گرجا گھر میں پھنسے دو افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ رواں برس فروری میں آنے والے زلزلے کے باعث اس گرجا گھر کا ایک مینار منہدم ہوگیا تھا جس کی زد میں آکر وہاں موجود کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

علاقے میں موجود ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے مطابق حکام نے زلزلے کے نئے جھٹکوں کے بعد علاقے میں جاری امدادی سرگرمیاں معطل کرکے عملے کو وہاں سے نکلنے کا حکم دے دیا ہے۔فروری میں آنے والے زلزلے سے ایک غیرملکی اسکول کے درجنوں طالبِ علموں سمیت 181 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 11 ارب ڈالرز لگایا گیا تھا۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق پیر کو آنے والے زلزلے کا پہلا جھٹکا مقامی وقت کے مطابق دن ایک بجے محسوس کیا گیا۔ 5.2 شدت کے زلزلے کا مرکز کرائسٹ چرچ شہر سے 9 کلومیٹر دور زیر زمین میں 11 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

زلزلے کا دوسرا جھٹکا دن 2:20 منٹ پر آیا جس کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کرائسٹ چرچ سے 13 کلومیٹر کے فاصلے پر 9 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

کرائسٹ چرچ میں فروری میں آنے والے تباہ کن زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG