رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ:زلزلے سے بنیادی ڈھانچہ متاثر


حکام کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح نیوزی لینڈ کے دوسرے بڑے شہرکرائسٹ چرچ میں7.1شدت کے زلزلے سے بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

شہری دفاع کے وزیر جان کارٹر کا کہنا ہے کہ زلزلے میں صرف دو افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک گرتی ہوئی چمنی اور دوسرا ٹوٹتے ہوئے شیشوں کی زد میں آیا۔کرائسٹ چرچ کے میئر باب پارکر نے شہر میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔

علی الصبح آنے والے زلزلے کے دوران گھروں میں سوئے ہوئے لوگ خوفزدہ ہوکر باہر نکل آئے۔ اس دوران عمارتوں کے شیشے ٹوٹنے اور ان کو جزوی نقصان پہنچنے کے علاوہ کسی عمار ت کے مکمل طور پر منہدم ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

زلزلے سے زیر زمین گیس،پانی اور نکاسی آب کی لائنوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ پلوں اور مواصلات کے نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کی طرف سے تقریباً ساڑھے تین لاکھ آبادی والے اس شہر میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی دکانوں میں لوٹ مار کے اکادکا واقعات کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ کرائسٹ چرچ ہوائی اڈے کو زلزلے کے بعد بند کردیا گیا تھا تاہم بعد ازاں اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔

زلزلے کے آفٹر شاک بھی محسوس کیے گئے تاہم اس میں سب سے شدید جھٹکا 5.3شدت کا تھا۔ نیوزی لینڈ بحرالکاہل اور آسٹریلیا کی ٹیکٹانک پلیٹس کی سرحدوں پر واقع ہے اور سالانہ یہاں تقریباً 1400زلزلے آتے ہیں لیکن یہ معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG