رسائی کے لنکس

زلزلہ متاثرین کی امداد، پاکستانی این جی اوز سرگرم


فائل
فائل

امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے دو بڑے فلاحی ادارے، ہلپنگ ہینڈ اور اسلامک ریلیف اس سلسلے میں زیادہ سرگرم عمل ہے، جنھوں نے زلزلے کی اطلاع ملتے ہی پروگرام کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا اور زلزلہ سے متعلق فنڈ قائم کرکے لوگوں سے عطیات کی اپیل کردی ہے

پاکستان میں زلزلے کی تباہ کاریوں کی اطلاع ملتے ہی امریکہ میں قائم مسلمان اور پاکستانی فلاحی تنظموں نے امدادی مہم کے سلسلے میں سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے دو بڑے فلاحی ادارے، ’ہلپنگ ہینڈ‘ اور ’اسلامک ریلیف‘ اس سلسلے میں زیادہ سرگرم عمل ہے جنھوں نے زلزلے کی اطلاع ملتے ہی پروگرام کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا اور زلزلہ سے متعلق فنڈ قائم کرکے لوگوں سے عطیات کی اپیل کر دی۔

’ہپلنگ ہنڈ‘ کے ڈائریکٹر پروگرام، الیاس چوہدری نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ عطیات کے لئے اب تک دو نیوزلیٹرز جاری کئے جاچکے ہیں، جس کے جواب میں عطیات کی موصولی بھی شروع ہوگئی ہے۔

’ہیلپنگ ہینڈ‘ پاکستان میں آنے والے گزشتہ زلزلے میں بھی بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے چکی اور انھوں نے راولپنڈی میں روات کے مقام پر قائم اپنے لاجسٹک سنٹر سے ٹینٹ اور کنمفرٹر لوئر دیر میں ثمرباغ اور قلاش کے مقام پر متاثرین میں تقسیم کئے؛ جبکہ مانسہرہ کے مقام پر قائم فزیوتھراپی مرکز کو ہنگامی امداد کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

اسلامک ریلیف کے سربراہ انوار احمد کے مطابق، ان کے جاری کردہ نیوز لیٹر کے جواب میں عطیات کی وصولی شروع ہوگئی ہے، جبکہ پاکستان اور افغانستان میں موجود اپنے رضاکاروں کی مدد سے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے جس کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کردی جائیں گی۔

دونوں ہی بڑی فلاحی تنظمیں پہلے ہی پاکستان اور افغانستان میں امدادی نیٹ ورک رکھتی ہیں، جنھیں ایک بار پھر فعال کردیا گیا ہے۔

پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم اپنا کی سماجی فلاحی کمیٹی کا اجلاس بھی گزشتہ شب نیویارک میں ہوا، جس میں اپنا کے اراکین سے عطیات کی اپیل کا فیصلہ کیا گیا۔

اپنا کی سماجی فلاحی کمیٹی کے شریک چیرمین، ڈاکٹر عبدالمجید نے بتایا ہے کہ پاکستان میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ہر روز اجلاس منعقد کئے جا رہے ہیں، جبکہ اپنا کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر سعید اختر امدادی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کے لئے نیویارک پہنچ چکے ہیں۔،

ڈاکٹر عبد المجید کے مطابق امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز نے ایک بار پھر زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے دل کھول کر عطیات دینا شروع کردیا ہے، جس کی مدد سے امدادی اشیا جلد پاکستان روانہ کی جائیں گی۔

انھوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ضرورت پڑنے پر پاکستانی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی امدادی مہم میں حصہ لینے کے لئے پاکستان روانہ کی جائے گی۔

ان اداروں کے علاوہ، پاکستانی کمیونٹی کے درجنوں تنظمیوں نے بھی امریکہ کے مختلف شہروں میں ہنگامی اجلاس منعقد کئے اور امدادی پروگرام کو حتمی شکل دی ہے، ان میں نیویارک کی برونکس پاکستانی کمیونٹی کونسل، ہوسٹن کی عمر ثنا فاؤنڈیشن، شکاگو کی امہ ریلیف اور دیگر شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG