رسائی کے لنکس

نائیجر فوج کا بوکوحرام کے 15 'عسکریت پسندوں' کو ہلاک کرنے کا دعویٰ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فوج کی طرف سے آپریشن کے مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی تاہم بوکوحرام چاڈ جھیل کے قریب جنوب مشرقی نائیجر اور نائیجیریا اور چاڈ کے سرحدی علاقوں میں سرگرم ہے۔

نائیجر کی فوج نے زمینی اور فضائی کارروائیوں میں بوکو حرام کے 15 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 20 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بدھ دیر گئے سرکاری ریڈیو پرجاری ایک بیان میں نائیجر کی وزارت دفاع نے کہا کہ فوجیوں نے اس آپریشن کے دوران ایک بکتر بند گاڑی اور 20 موٹر سائیکلوں کو تباہ کیا ہے۔

فوج کی طرف سے آپریشن کے مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی تاہم بوکوحرام چاڈ جھیل کے قریب جنوب مشرقی نائیجر اور نائیجیریا اور چاڈ کے سرحدی علاقوں میں سرگرم ہے۔

نائیجر بوکوحرام کو ختم کرنے کے لیے ایک علاقائی سطح پر کیے جانے والے آپریشن میں شریک ہے۔

گزشتہ ہفتے مشتبہ بوکوحرام عسکریت پسندوں نے نائیجیریا کی سرحد کے قریب واقع نائیجر کے دفا کے علاقے میں 38 افراد کوہلاک کیا تھا۔

امریکہ نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بوکوحرام کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے خطے کی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کو دو دیہاتوں پر ہونے والے مشتبہ بوکوحرام حملوں میں 40 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

علاقہ مکینوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے گھروں کو جلایا، دیہاتیوں کو ہلاک کیا اور کسان برادری سے خوراک لوٹ کر لے گئے۔

پیر کو ہی 30 افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب ایک خاتون خودکش حملہ آور نے بورنو ریاست کے دارالحکومت میں ایک مسجد کے قریب واقع ایک مارکیٹ میں اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔

ان میں سے کسی بھی حملے کی ذمہ داری فوری طور پر قبول نہیں کی گئی تاہم بوکوحرام کے انتہا پسند اس چھ سال سے جاری شورش کے دوران عام شہریوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG