رسائی کے لنکس

نائیجیریا: بوکوحرام کا حملہ، 26 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

میدوگری پر حملے سے پہلے بوکوحرام کے دہشت گردوں نے شہر سے 270 کلومیڑ دور واقع ایک گاؤں میں شادی کی ایک تقریب پر بم پھینکے۔

نائیجیریا کے شدت پسند گروپ بوکوحرام کی طرف سے شمال مشرقی شہر میدوگری میں کئے گئے ایک حملے میں 26 افراد ہلاک ہو گئے۔

ہفتہ کو یہ حملہ ملک کے نئے صدر کے حلف اٹھانے کے ایک روز بعد ہوا۔

بورنو کی ریاست میں واقع میدوگری قصبے میں گھروں پر راکٹ حملوں کے چند گھنٹوں کے بعد ایک مسجد پر خودکش بم حملہ ہوا جس میں کم سے کم 18 افراد ہلاک ہو گئے۔ ان حملوں میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

نائیجیریا کے نئے صدر محمد بخاری نے بوکو حرام کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے فوج کے آپریشن کمانڈ کے مرکز کو دارالحکومت ابوجا سے میدوگری میں منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہفتے کو ہونے والے حملے کے بعد تحفظ امن کمیٹی کے نوجوان مسلح ارکان نے بوکوحرام کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے شہر کی سڑکوں پر پوزیشنیں سنبھال لیں۔

میدوگری پر حملے سے پہلے بوکوحرام کے دہشت گردوں نے شہر سے 270 کلومیڑ دور واقع ایک گاؤں میں شادی کی ایک تقریب پر بم پھینکے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دوسرا دھماکا اس وقت ہوا جب لوگ پہلے دھماکے کا نشانہ بننے والوں کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔

ان دو دھماکوں میں سات افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔

میدوگری شمال مشرقی نائیجیریا کا شورش کا شکار سب سے بڑا شہر ہے جس کی آبادی 20 لاکھ کے قریب ہے جن میں کئی ہزار پناہ گزین بھی شامل ہیں۔

نائیجیریا کے شمال مشرق میں شدت پسندوں کی چھ سالہ بغاوت کی وجہ سے 15 لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے اور اس دوران تقریباً 13,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس سال کے آغاز میں بوکوحرام نے ملک کے شمال مشرق میں ایک وسیع علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔ جس کے بعد چاڈ اور نائیجیریا کے فوجی دستوں نے اس کے خلاف کارروائی شروع کی جبکہ کیمرون نے انہیں اپنی سرحدوں سے پیچھے دھکیل دیا۔

امریکہ اور برطانیہ نے جمعہ کو کہا کہ وہ بوکوحرام کو شکست دینے کے لیے نائیجیریا کے ساتھ فوجی تعاون کرنے پر تیار ہیں۔

XS
SM
MD
LG