رسائی کے لنکس

نائیجیریا کی بورنو ریاست میں بوکوحرام کا تازہ حملہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومت سے منسلک رضاکار فورس نے جمعے کو صحافیوں کو بتایا کہ یہ حملے بدھ کی شام کیے گئے۔ نائیجیریا کے اخبار ’دی نیشن‘ نے اطلاع دی ہے کہ یہ تمام دیہات نائیجیریا کی بورنو ریاست میں واقع تھے۔

شمالی نائیجیریا میں نوجوانوں کی رضاکار سکیورٹی فورس کے اراکین نے کہا ہے کہ بوکو حرام کے شدت پسندوں نے سیمبیسا جنگل میں اپنے مضبوط گڑھ کے قریب چھ دیہات کو نظر آتش اور 37 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔

حکومت سے منسلک رضاکار فورس نے جمعہ کو صحافیوں کو بتایا کہ یہ حملے بدھ کی شام کیے گئے۔ نائیجیریا کے اخبار ’دی نیشن‘ نے اطلاع دی کہ یہ تمام دیہات نائیجیریا کی بورنو ریاست میں واقع تھے۔

رضاکار احمد عجمی نے خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کو بتایا کہ متاثرین نائیجیریا کی فوج کی جانب سے حال ہی میں بوکو حرام سے خالی کرائے گئے علاقوں میں واپس لوٹنے والے کسان تھے۔ ان علاقوں پر شدت پسندوں نے گزشتہ سال قبضہ کر لیا تھا۔

جمعرات کو نائیجیریا، نائیجر، چاڈ، کیمرون اور بینین کے اعلیٰ حکام نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں بوکوحرام سے جنگ کے لیے مجوزہ مشترکہ فورس کے قیام پر بات چیت کے لیے اکٹھے ہوئے۔

اپنے افتتاحی کلمات میں نائیجیریا کے صدر محمدو بحاری نے کہا کہ اس ٹاسک فورس کی کمان ان کے ملک کے پاس ہونی چاہیئے کیونکہ اس کے فوجیوں کی بڑی تعداد نائیجیریا سے ہو گی اور بوکوحرام سے جنگ کا اہم میدان بھی نائیجیریا کی سرزمین ہے۔

انہوں نے کہا کہ فورس میں شامل ممالک کو باری باری ہر چھ ماہ بعد کمان دینے سے یہ فورس کم مؤثر ہو جائے گی۔

بحاری نے کہا کہ نائیجیریا فورس کے قیام کے لیے دس کروڑ ڈالر فراہم کرنے کے وعدے پر قائم ہے۔

شدت پسندوں کے شمال مشرقی نائیجیریا میں قائم ٹھکانوں سے سرحد پار حملوں کے بعد چاڈ، نائیجر اور کیمرون نے اس سال کے آغاز میں بوکوحرام سے جنگ کے لیے فوجی تعینات کیے تھے۔

نائیجیریا میں حال ہی میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ایک اہم موضوع بغاوت روکنے میں حکومت کی ناکامی تھا۔ اس انتخاب میں بحاری نے سابق صدر گڈلک جوناتھن کو شکست دی تھی۔

2009ء سے جاری اس بغاوت میں بوکوحرام کی جانب سے حملوں میں نائیجیریا کے ہزاروں شہری مارے گئے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ نائیجیریا کی سکیورٹی فورسز کی طرف سے سخت رد عمل میں مزید 8,000 شہری مارے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG