رسائی کے لنکس

نائیجیریا: کار بم دھماکے میں 18 ہلاک


یہ بم حملہ اس مقام سے تھوڑے ہی فاصلے پر ہوا جہاں گزشتہ ماہ ہونے والے بم دھماکے میں کم ازکم 75 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

نائیجیریا کے دارالحکومت کے قریب ایک کار بم حملے میں کم ازکم 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ بم حملہ ابوجا کے قریب واقع علاقے نیانیا کے ایک بس ٹرمینل پر ہوا اور یہ اس مقام سے تھوڑے ہی فاصلے پر ہی جہاں گزشتہ ماہ ہونے والے بم دھماکے میں کم ازکم 75 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس تازہ واقعے کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی جبکہ 14 اپریل کے دھماکے کی ذمہ داری انتہا پسند گروپ بوکو حرام نے قبول کی تھی۔

نائیجیریا آئندہ ہفتے افریقہ سے متعلق عالمی اقتصادی فورم کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔

صدر گڈلک جوناتھن نے اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ "انسانیت کی تذلیل" کرنے والی اس "برائی" کےخلاف فتحیاب ہوں گے۔

بوکو حرام پانچ سال سے جاری شدت پسندی کے دوران ہزاروں افراد کو ہلاک کرچکی ہے۔ یہ شدت پسند تنظیم شمالی نائیجیریا میں ایک سخت گیر اسلامی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے۔

اس گروپ کے عسکریت پسندوں پر شبہ ہے کہ انھوں نے دو ہفتے قبل شمالی نائیجیریا سے 250 سے زائد اسکول کی طالبات کو اغواء کیا۔ بعض اطلاعات کے مطابق شدت پسند ان لڑکیوں کو شادی کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG