رسائی کے لنکس

نائجیریا: فوجی اڈے پر حملہ، بوکو حرام نے ذمہ داری قبول کرلی


فائل
فائل

دو دسمبر کو شدت پسندوں نے اِس شمال مشرقی شہر میں واقع فضائی فوج کے اڈے اور فوجی بیرکوں پر حملہ کیا تھا

نائجیریا کے شدت پسند گروپ، بوکو حرام کے سربراہ نے کہا ہے کہ گذشتہ ماہ کے اوائل میں نائجیریا کے فوجی اڈے پر ہونے والا حملہ اُن کے گروہ نے کیا تھا۔

ابوبکر شیخو نے یہ بیان 40منٹ کی ایک وڈیو میں دیا، جسے جمعرات کو نائجیریا کے صحافیوں نے جاری کیا۔

شیخو نے کہا کہ خدا نے اُن کے گروپ کو میدوگری کے شہر پر حملے میں ’کامیابی‘ دی، جو مذہبی شدت پسند گروپ کا گڑہ ہے۔

دو دسمبر کو شدت پسندوں نے اِس شمال مشرقی شہر میں واقع فضائی فوج کے اڈے اور فوجی بیرکوں پر حملہ کیا تھا۔

وزارتِ دفاع کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اڈے پر فوجیوں کے ساتھ گولیوں کے تبادلے میں 24 باغی ہلاک ہوئے۔ اِس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا آیا اِس حملے میں کتنے فوجی یا سویلنز ہلاک ہوئے۔

’وائس آف امریکہ‘ کے ایک نامہ نگار، جس نے جائے حادثہ کا دورہ کیا، خبر دی ہے کہ بیرکوں اور ایک قریبی تھانے کو نقصان پہنچا۔

وڈیو میں، شیخو نے اِس انتباہ کو دہرایا کہ اُن کا گروپ امریکہ پر حملہ کرے گا۔

ایک صحافی جس نے یہ وڈیو دیکھی ہے، بتایا ہے کہ شیخو فوجی وردی میں ملبوس تھا۔

اُس نے جو رائفل تھامی ہوئی تھی، لگتا ہے کہ وہ روسی ساختہ تھی اور 19 منٹ کے پیغام میں وہ کبھی کبھار شدید غصے میں دکھائی دیتا تھا۔


وہ تین زبانوں، ہؤسا، عربی اور کنوری میں گفتگو کر رہا تھا۔ باقی وڈیو مدوگری کی فوجی تنصیبات پر شدت پسند گروپ کے حملے سے متعلق اقتباصات پر مشتمل تھی۔

اِس وڈیو کی غیر وابستہ ذرائع سےتصدیق نہیں ہو پائی۔

بوکو حرام کا ہوٴسا زبان میں سادہ مطلب ہے، ’مغربی تعلیم ایک گناہ ہے‘۔

یہ شدت پسند گروپ شمالی نائجیریا میں ایک شرعی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، اور 2009ء میں شروع ہونے والی اس سرکشی، جس دوران اب تک ہزاروں ہلاک ہوئے، اُن کا یہ گروپ ذمہ دار ہے۔
XS
SM
MD
LG