رسائی کے لنکس

نائیجیریا: صدر جوناتھن کا دورہ چیبوک منسوخ


صدر جوناتھن گڈلک (فائل فوٹو)

صدر جوناتھن گڈلک (فائل فوٹو)

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جوناتھن سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بورنو صوبے کے چیبوک قصبے کا دورہ نہیں کر سکتے۔

نائیجیریا کے صدر جوناتھن گڈ لک نے شمال مغرب میں واقع اس گاؤں کا دورہ منسوخ کر دیا ہے جہاں سے گزشتہ ماہ اسلامی عسکریت پسندوں نے 200 سے زائد اسکول کی طالبات کو اغواء کر لیا تھا۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جوناتھن سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بورنو صوبے کے چیبوک قصبے کا دورہ نہیں کر سکتے۔

14 اپریل کو بوکو حرام کی طرف سے طالبات کو اغواء کرنے کے واقعے پر پوری دنیا میں غم و غصہ کا اظہار کیا گیا اور حکومت کو ان الزامات کا سامنا ہے کہ اس نے طالبات کی بازیابی کے لیے مناسب اقدام نہیں کیے۔

دوسری طرف نائیجیریا کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ لڑکیوں کی باحفاظت بازیابی کے لیے "ممکنہ اقدامات " پر سوچ بچار کر رہی ہے۔ صدر جوناتھن فرانس کے صدر فرانسس اولاند کی طرف سے علاقائی سلامتی کے لیے بلائے جانے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

بینن، کیمرون اور نائیجر کے صدور بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔

فرانس کے صدر اولاند نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد مغربی اور وسطی افریقہ میں بوکو حرام اور دوسرے دہشت گرد گروپوں کی طرف سے درپیش سکیورٹی کے خطرات سے نمٹنے کے بارے میں لائحہ عمل پر غور کرنا ہے۔

بوکو حرام نے لڑکیوں کی ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں وہ حجاب پہنے ہوئے نطر آتی ہیں اور قرانی آیات کا ورد کر رہی ہیں۔

بوکوحرام کے رہنما ابوبکر شیکاؤ نے کہا ہے کہ وہ اس وقت تک لڑکیوں کو رہا نہیں کریں گے جب تک حکومت تنظیم کے قیدی جنگجوؤں کو رہا نہیں کرتی۔

صدر جوناتھن پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ان قیدیوں کو رہا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
XS
SM
MD
LG