رسائی کے لنکس

ٹیکساس: دو گروہوں میں تصادم، نو افراد ہلاک


فائل
فائل

فائرنگ کے واقعے کے بعد شہر کے کم از کم ایک اور مقام پر بھی موٹر سائیکل سواروں کے مابین تصادم کی اطلاع ہے۔

ٹیکساس کے شہر واکو میں تین گروہوں کے مابین تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

شہر کے محکمۂ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ 'سینٹرل ٹیکساس مارکیٹ پلیس' نامی کاروباری مرکز میں واقع ایک ریستوران میں اتوار کی دوپہر پیش آیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریستوران میں موٹر سائیکل سواروں کے تین گروہوں کے ارکان کے مابین کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ریستوران میدانِ جنگ بن گیا۔

واکو پولیس کے ایک ترجمان نے پیٹرک سوینٹن نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ملزمان کے مابین پہلے لاتوں اور گھونسوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد انہوں نے لاٹھیوں اور خنجروں سے ایک دوسرے پر وار کیے اور آخر کار آتشی اسلحہ استعمال کیا۔

ترجمان کے مطابق تینوں گروہوں کے ارکان نے ریستوران کے اندر اور پارکنگ ایریا میں ایک دوسرے پر گولیاں برسائیں جس کے جواب میں موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں نے بھی ملزمان پر فائرنگ کی۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد شہر کے کم از کم ایک اور مقام پر بھی موٹر سائیکل سواروں کے مابین تصادم کی اطلاع ہے۔

پولیس نے تصادم کے مقام کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے شہر کے نواحی علاقوں سے بھی پولیس کے دستے واکو طلب کرلیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG