رسائی کے لنکس

کراچی میں قیام امن مشترکہ ذمے داری ہے: چوہدری نثار


’یہاں کے قیام امن کی ذمہ داری دونوں حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے عزائم کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے‘

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کا قیام وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو ایک ماہ مہلت دینے کی کبھی کوئی بات نہیں کی، نہ ہی گورنر راج قائم کرنے سے متعلق کوئی بات ہوئی ہے۔
وزیر داخلہ پیر کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تھے، جہاں انہوں نے انتہائی مصروف دن گزارا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ تھا۔

وفاق میں مسلم لیگ ن اور سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہونے کے سبب سیاسی اور صحافتی حلقے اس دورے کو بہت اہمیت دے رہے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے کی وجہ سے دونوں حکومتوں کا یہ باضابطہ پہلا رابطہ تھا، جس میں چوہدری نثار علی خان نے کچھ وضاحتیں بھی کیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے، اے پی پی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے ساتھ امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی سندھ حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دینے کی بات نہیں کی۔ اُن نے کہا کہ، صوبائی حکومت کو عوامی مینڈیٹ حاصل ہے اور وہ اس کی قدر کرتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ، ’کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے یہاں کے حالات کا اثر پورے ملک پر پڑتا ہے‘۔

’یہاں کے قیام امن کی ذمہ داری دونوں حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے عزائم کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے اور آگے بھی رہے گی‘۔
اجلاس میں سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن، چیف سیکریٹری سندھ اعجاز احمد چوہدری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز سندھ اور دیگر اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔
وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی حکومت کے ساتھ ایک بہتر اعتماد کے رشتے کے ساتھ واپس جارہے ہیں، جبکہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے امن و امان کے حوالے سے دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کراچی میں جرائم کے خاتمے کے لئے پوری طرح کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو امن و امان کے قیام سے متعلق وفاقی حکومت کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG