رسائی کے لنکس

بجلی کے بحران کا شکار ملکوں کے لیے نیا موبائل فون


اس فون کو ایک مکمل بیٹری چارج کے ساتھ 35 روز تک استعمال کیا جا سکےگا ۔ یعنی، اسے ایک ماہ سے زائد اسٹینڈ بائی کی حالت میں رکھا جا سکتا ہے۔

یہ خوشخبری خاص ان لوگوں کے لیے ہے، جو بار بار بجلی بند ہو جانے کی وجہ سے اپنا موبائل فون ٹھیک سے چارج نہیں کر پاتے ہیں یا سمارٹ فون کی تیزی سے ختم ہو جانے والی بیٹری کی وجہ سےبہت سی اہم فون کالزنہ تو کر پاتے ہیں اور نہ ہی سن پاتے ہیں، یا پھر صرف فون کال کرنے کے مقصد سے خریدے جانے والے فون کے سینکڑوں اضافی خصوصیات میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں تو یہ موبائل فون آپ ہی کے لیے ہے۔

کیونکہ ترقی پذیر ممالک میں بجلی کے بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے ’نوکیا کمپنی‘ نے موبائل فون کے صارفین کی اس مشکل کو سمجھتے ہوئے، ایک ایسا فون تیار کیا ہے، جسے مہینے میں صرف ایک بار چارج کرنے کی ضرورت پڑے گی اور بارہ گھنٹے سے زائد بات کی جاسکے گی ۔

سمارٹ فون اس وقت امریکہ اور یورپ جیسے ترقی یافتہ ممالک کی پہلی پسند اور ضرورت بن چکے ہیں ، مگر ترقی پذیر ممالک میں آج بھی موبائل فون کا بنیادی مقصد فون کال کرنے کی سہولت حاصل کرنا ہی ہوتا ہے ۔ ایسے ملکوں میں سستے اور سادہ خصوصیات کے حامل موبائل فون کی طلب اب بھی موجود ہے ۔

25 فروری کو اسپین میں ہونے والی 'موبائل ورلڈ کانگریس بارسلونا ' میں نوکیا کمپنی نے اپنے نئے موبائل فون ماڈل 105کو متعارف کرایا۔

کمپنی کے مطابق یہ موبائل فون خاص ایشیا کے ترقی پذیر مملک کے صارفین کی ضرورت کو سامنے رکھ کر بنایا گیا ہے،جو ایک مکمل بیٹری چارج کے ساتھ 35 روز تک استعمال کیا جا سکےگا ۔ یعنی، اسے ایک ماہ سے زائد اسٹینڈ بائی کی حالت میں رکھا جا سکتا ہے۔
برطانیہ میں اس کی قیمت 13 پاؤنڈ جبکہ امریکہ میں 20 ڈالر ہے اور پاکستان میں اس کی قیمت تقریباً 2000 روپے ہو گی۔

کمپنی کی جانب سے اسے موبائل فون کی بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی کھوئی ہوئی مقبولیت دوبارہ حاصل کرنے کی جانب پہلا قدم قرار دیا جارہا ہے۔

نوکیا 105 ایک کم وزن کا بظاہر کھلونے جیسی ساخت رکھنے والا فون معلوم ہوتا ہے جس میں 1.5انچ کی رنگین اسکرین موجود ہے۔ اس کے علاوہ ٹارچ ،الارم اور بولتی گھڑی کے ساتھ ایف ایم ریڈیو جیسی سہولت بھی موجود ہے۔ پلاسٹک کے غلاف میں محفوظ ڈائل پیڈ والا یہ فون چند ہی ہفتوں میں مارکیٹ میں فروخت کرنے کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG