رسائی کے لنکس

شمالی برطانیہ میں سیلاب کی صورتحال


ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی برطانیہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں مانچسٹر لیڈز، لنکا شائر اور کمبریا کے مقابلے میں یورک سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے۔

برطانیہ کے شمالی اور شمال مشرقی علاقے شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔

یورک شائر کاؤنٹی کے بڑے شہر گریٹر مانچسٹر، لیڈز اور یورک کے سینکٹروں مکانات پانی میں ڈوب گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ فوج کی طرف سے ان علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا کام جاری ہے۔

دارالحکومت لندن سے 280 کلومیٹر شمال میں واقع ایک لاکھ اٹھانوے ہزار سے زائد آبادی والا شہر یورک سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ جہاں اس شہر کے دو دریاؤں کے کنارے سے پانی بہہ نکلا، جس کے نتیجے میں برطانیہ کا تاریخی شہر یورک زیر آب آ گیا۔

تیس برس سے یورک شہر کی سیلاب سے حفاظت کرنے والا حفاظتی بند ہفتے کی شب سیلاب روکنے میں ناکام رہا، جس کے بعد حکام کی جانب سے دریائے اوز پر پانی کے شدید بہاؤ کی وجہ سے کمزور حفاظتی بند اٹھا لیا گیا اور شہر سے ہزاروں لوگوں کی محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی گئی ہے۔

امدادی کارکنوں کی جانب سے یورک کے سینکڑوں مکینوں سے رات کے اندھیرے میں گھر خالی کرائے گئے، جہاں فوج کے ارکان مسلسل امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور اب بھی ہزاروں افراد کی نقل مکانی کا کام باقی ہے۔

ہفتے کے روز دریائے ارویل اور روچ میں پانی کی تند و تیز لہریں کناروں سے بہہ نکلیں جس کے نتیجے میں گریٹر مانچسٹر کے علاقے سیلفرڈ اور راچڈیل کی سڑکیں اور سینکٹروں مکانات زیر آب آ گئے اور گریٹر مانچسٹر میں اتوار تک سات ہزار لوگ بجلی سے محروم تھے جبکہ راچڈیل میں چھ ہزار مکانات کی بجلی ابھی تک بحال نہیں کی جا سکی ہے۔

اس کے علاوہ ہفتے کے روز شدید بارشوں کے بعد لیڈز شہر کی اہم سڑکیں پانی اور کیچڑ کے دریاؤں میں تبدیل ہو گئیں اور شہر میں پانی کھڑا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی طرف سے دریائے آئر کے لیے شدید نوعیت کے خطرے کا انتباہ جاری کیا ہے۔

برطانوی ماحولیاتی ایجنسی نے سیلاب کےخطرے کے پیش نظر لوگوں سے چوکنا رہنے کی تاکید کی ہے اور خطرہ ظاہر کیا ہے کہ یورک شائر اور لنکا شائر کاؤنٹی کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے پیر کے روز یورک شہر اور لیڈز کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی برطانیہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں مانچسٹر لیڈز، لنکا شائر اور کمبریا کے مقابلے میں یورک سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے جہاں شدید سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ہزاروں مکانات کو خالی کرایا جاسکتا ہے جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

اتوار کے روز محکمہ موسمیات نے یورک شائر اور شمال مشرقی شہروں میں سیلاب کے مزید واقعات کی پیش گوئی کی ہے اور سیلاب کے ممکنہ خطرے کی 200 زرد اور سرخ انتباہ جاری کی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے شمالی انگلینڈ اسکاٹ لینڈ اور ویلز کے لیے شدید سیلاب کےخطرے کی 24 انتباہ جاری کی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ان علاقوں میں مزید بارشوں سے جانی نقصانات کا خطرہ ہے۔

سیلابی انتباہ کا مطلب ممکنہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہونے کے لیے تیار کرنا ہے جبکہ زرد انتباہ نچلے درجے کے سیلاب کے خطرے کو ظاہر کرتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق شمال میں مسلسل بارشوں کا سبب بننے والا سلسلہ پیر کے روز جنوب کی طرف چلا جائے گا جس سے شمالی علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

تاہم منگل اور بدھ کے روز شمالی برطانیہ کے لیے مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اتوار کے روز حکومت کے طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں مزید فوج امدادی کاموں کے لیے روانہ کی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اتوار کے روز سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کوبرا کی صدارت کی اور کہا کہ میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ضرورت مند لوگوں کی ہر ممکن طریقے سے امداد فراہم کی جائے گی۔

بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصان میں موٹر وے ایم 64 پر بڑا شگاف پڑ گیا ہے اور گریٹر مانچسٹر میں ایک پرانے شراب خانے کی عمارت منہدم ہو گئی ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

XS
SM
MD
LG