رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کا  راکٹ انجن کا 'کامیاب تجربہ'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گزشتہ ایک سال کے عرصے کے دوران شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے کئی تجربات کیے جن کے بارے میں اقوام متحدہ اور کئی ممالک کا موقف ہے کہ یہ بلیسٹک میزائل اور راکٹ کے تجربات کرنے کی ایک درپردہ کوشش ہے

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پیا نگ یانگ نے منگل کو ایک نئے طاقتور راکٹ انجن کا کامیاب زمینی تجربہ کیا ہے جو اس بات کا عندیہ ہے کہ شمالی کوریا طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بنانے کی صلاحیت حاصل کرنے کے قریب ہے۔

بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اس تجربے کے وقت موقع پر موجود تھے اور شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'کے سی این اے' کے مطابق انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ " جتنی جلد ممکن ہو سکے" سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنے کی تیاری کی جائے۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے ترجمان جین ہا کیو نے منگل کو کہا کہ "ہم سمجھتے ہیں کہ شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے لیے ایک نئے طاقتور انجن کی کارکردگی جانچنے کے لیے یہ تجربہ کیا۔"

گزشتہ ایک سال کے عرصے کے دوران شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے کئی تجربات کیے جن کے بارے میں اقوام متحدہ اور کئی ممالک کا کہنا ہے کہ یہ بلیسٹک میزائل اور راکٹ کے تجربات کرنے کی ایک درپردہ کوشش ہے۔

خبر رساں ادارے 'کے سی این کے' کی رپورٹ کے مطابق منگل کو ایک نئے انجن کے کیے جانے والے تجربے سے شمالی کوریا کو عالمی سطح پر فضا سے زمین کی نگرانی کرنے والے سیٹلائیٹ سمیت کئی دیگر سیٹلائٹس کو فضا میں بھیجنے کی قابل عمل صلاحیت حاصل ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ ابھی دو ہفتے بھی نہیں ہوئے کہ شمالی کوریا نے پانچواں جوہری تجربہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG