رسائی کے لنکس

حکام نے کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 85 سالہ میرل نیومین کو 26 اکتوبر کو اس وقت تحویل میں لیا جب وہ امریکہ واپس جانے کے لیے جہاز میں سوار ہو چکے تھے۔

شمالی کوریا میں ایک معمر امریکی شہری کو بظاہر تحویل میں لینے کی خبر سامنے آئی ہے جو ملک میں مصدقہ وزٹ ویزے پر آئے ہوئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا کے حکام نے کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 85 سالہ میرل نیومین کو 26 اکتوبر کو اس وقت تحویل میں لیا جب وہ امریکہ واپس جانے کے لیے جہاز میں سوار ہو چکے تھے۔

نیومین اپنے ایک پڑوسی باب ہمرڈلا کے ہمراہ شمالی کوریا آئے تھے، مسٹر ہمرڈلا کو امریکہ واپس جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

بیجنگ میں امریکی سفارت خانے اور محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ انھیں ان اطلاعات کا علم ہے لیکن اس بارے میں انھوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

تاہم منگل کو محکمہ خارجہ نے شمالی کوریا کے لیے اپنے شہریوں کو سفر کا انتباہ جاری کیا تھا۔ اس نئی تنبیہ کے مطابق "شمالی کوریا جانے والے امریکی شہریوں، خواہ وہ حادثاتی طور پر ہی کیوں نا داخل ہوئے ہوں، کو حراست یا پھر طویل عرصے کی قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔"

نیومین کی حراست سے ایک سال قبل ایک اور امریکی شہری کینیتھ بئی کو بھی شمالی کوریا میں گرفتار کرکے اس پر مقدمہ چلا جا چکا ہے۔

اس شہری کو تین نومبر کو گرفتار کیا گیا اور بعد ازاں اسے ریاست کے خلاف سازش کے الزام میں 15 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔

45 سالہ کینیتھ ایک ٹوئر آپریٹر کے ذریعے شمالی کوریا میں داخل ہوئے تھے۔ ان کے اہل خانہ نے ان کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں۔
XS
SM
MD
LG