رسائی کے لنکس

کم جونگ نام کی لاش حوالے کی جائے: شمالی کوریا


کم جونگ نام (فائل فوٹو)

حکام کے بقول پہلے کیے گئے پوسٹ مارٹم سے نتائج صحیح طور پر واضح نہیں ہو پائے تھے۔

شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن کے رواں ہفتے ملائیشیا میں مبینہ طور پر قتل ہونے والے سوتیلے بھائی کا دوسری بار پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے جب کہ حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ اس واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں ایک چوتھے شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

حکام کے بقول پہلے کیے گئے پوسٹ مارٹم سے نتائج صحیح طور پر واضح نہیں ہو پائے تھے۔

کم جونگ نام پیر کو کوالالمپور کے ہوائی اڈے سے اسپتال جاتے ہوئے ایک ٹیکسی میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ انھوں نے ملائیشیا سے مکاؤ جانا تھا جہاں وہ ایک عرصے سے رہائش پذیر تھے۔ ان کی عمر 45 یا 46 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے۔

شمالی کوریا کی طرف سے کم جونگ نام کے مبینہ قتل میں پیانگ یانگ کے ملوث ہونے کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کو تسلیم نہیں کرے گا۔

جمعہ کو دیر گئے کوالالمپور کے اسپتال کے باہر پیانگ یانگ کے سفیر نے صحافیوں سے گفتگو میں ملائیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ کم جونگ نام کی لاش ان کے حوالے کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے ملائیشیا کے حکام "کچھ چھپا رہے ہوں اور دشمن قوتوں کے ساتھ ساز باز کر رہے ہوں۔"

ادھر حکام نے ایک اور شخص کو اس واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے جس کے پاس ری جونگ چول کے نام سے شناختی دستاویزات تھیں۔

جمعہ کو انڈونیشیا کی پولیس کے سربراہ کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ ملائیشیا میں کم جونگ نام کی موت کے واقعے کے شبے میں گرفتار انڈونیشیائی خاتون کو دھوکے سے اس معاملے میں ملوث کیا گیا۔

ٹیٹو کارناویان نے صحافیوں کو بتایا کہ ملائیشیا کی طرف سے موصول ہونے والی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ 25 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر یہ کہہ کر اس معاملے میں ملوث کیا گیا تھا کہ یہ ایک لائیو کامیڈی شو ہے جس میں کیمرے کو پوشیدہ رکھ کر لوگوں سے مذاق کیا جاتا ہے۔

ان کے بقول اس میں ایک اور خاتون کو یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ مردوں کو اپنی آنکھیں بند کرنے کا کہے اور وہ ان کے چہرے پر پانی کا سپرے کرے گی۔

اس معاملے میں انڈونیشیا کی خاتون اور ان کے ایک مرد دوست کے علاوہ ویتنامی پاسپورٹ رکھنے والی ایک خاتون اور ایک شمالی کوریا کا باشندہ پولیس کی تحویل میں ہے۔

XS
SM
MD
LG