رسائی کے لنکس

’شمالی کوریا کے میزائیل تجربےاہمیت کے حامل نہیں‘


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

’ہم ایسے عام میزائیل تجربات سے آگاہ ہیں۔ یہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والا ’اِسکڈ‘ میزائیل تھا، جِس کے تجربے کی اُنھیں اجازت ہے۔ البتہ، ہم ہمیشہ شمالی کوریا پر زور دیتے آ رہے ہیں کہ وہ کسی اشتعال انگیزی سے گریز کرے‘: ترجمان پینٹاگان

امریکہ نے شمالی کوریا کی طرف سے جنوبی کوریا کے مشرقی ساحل کےقریب مختصر فاصلے تک مار کرنے والےچار میزائیلوں کے تجربے کو زیادہ اہمیت نہیں دی۔

پینٹاگان کے ترجمان، کرنل اسٹیو وارن نے جمعرات کو اِن رپورٹوں کی تصدیق کی ہے جِن میں شمالی کوریا کے میزائیل تجربے کی بات کی گئی ہے۔ تاہم، اُن کا کہنا تھا کہ امریکی فوج میزائیلوں کے اِس تجربے کو اشتعال انگیز اقدام قرار نہیں دیتی۔

اسٹیو وارن کے بقول، ہم ایسے عام میزائیل تجربات سے آگاہ ہیں۔ یہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والا ’اِسکڈ‘ میزائیل تھا، جِس کے تجربے کی اُنھیں اجازت ہے۔ البتہ، ہم ہمیشہ شمالی کوریا پر زور دیتے آ رہے ہیں کہ وہ کسی اشتعال انگیزی سے گریز کرے۔

شمالی کوریا کی طرف سےمختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائیلوں کا تجزبہ کوئی نئی بات نہیں۔ ایسے تجربات کا مطلب عام طور پر جنوبی کوریا کو سیاسی پیغام دینا ہوتا ہے۔

شمالی کوریا کی حکومت نے اِن تازہ ترین میزائیل حملوں کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا، جو ایسے وقت ہورہے ہیں جب جنوبی کوریا اور امریکہ کی بڑے پیمانے پر مشترکہ فوجی مشقیں جاری ہیں۔ شمالی کوریا اِن مشقوں کو ’ناقابل قبول اشتعال انگیزی‘ قرار دیتا ہے۔

گزشتہ ہفتے 1950ء کی کوریائی جنگ میں منقسم خاندانوں کے درمیان شمال کے سیاحتی پہاڑی علاقے کمگانگ میں ملاقات ہوئی تھی۔ 2010ء کے بعد یہ پہلی ایسی ملاقات تھی۔

دونوں ممالک اب بھی تکنیکی اعتبار سے حالتِ جنگ میں ہیں کیونکہ ان کے درمیان اب تک کوئی باضابطہ امن معاہدہ نہیں ہوا ہے۔
XS
SM
MD
LG