رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کا طاقتور راکٹ انجن کا تجربہ


شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا ہے کہ اتوار کو شمالی کوریا نے ایک نئے طاقتور راکٹ انجن کا تجربہ کیا ہے۔

'کے سی این اے' کی خبر کے مطابق شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ کامیاب رہا انھوں نے "زور دیا کہ دنیا جلد ہی اس عظیم کامیابی کو دیکھے گی جو ہم نے آج حاصل کی ہے۔"

یہ تجربہ چین کی سرحد کے قریب واقع اونگچانگ ری کی تنصیب پر طلوع آفتاب کے وقت کیا گیا جہاں کم جونگ اُن بھی اسے دیکھنے کے لیے موجود تھے۔

سرکاری خبر ایجسنی کے مطابق کم اس تجربے کا جائزہ لینے کے لیے تیار کی گئی بلند پوسٹ پر کھڑے ہوئے اور اس تجربے کو شروع کرنے کا حکم دیا۔

شمالی کوریا نے اسی تنصیب سے گزشتہ سال فروری میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا تجربہ بھی کیا تھا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کم کا کہنا تھا کہ "یہ ہائی تھرسٹ انجن سیٹلائیٹ کو فضا میں بھیجنے کے لیے بین الاقوامی معیار کی سائنس اور ٹیکنالوجی کی بنیاد ہے۔"

یہ بھی عندیہ دیا گیا کہ اس انجن سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ تجربہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب امریکہ کے وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن اپنے دورہ ایشیا کے دوران جنوبی کوریا اور جاپان کے بعد اب چین میں ہیں۔

ایک روز قبل ہی ٹلرسن نے زور دیا تھا کہ شمالی کوریا کی طرف سے جوہری خطرے کے تناظر میں اس سے نمٹنے کے لیے نئی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں امریکہ "تمام آپشنز" پر غور کے لیے تیار ہے۔

XS
SM
MD
LG