رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا زیادہ صحافیوں کو شمالی کوریا بھیجنے کا خواہشمند


یہ واضح نہیں کہ شمالی کوریا اس پیشکش کا مثبت جواب دے گا یا نہیں کیونکہ وہ جنوبی کوریا کے ساتھ منافع بخش منصوبوں پر تعاون بحال کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔

جنوبی کوریا کے حکام نے جمعہ کو کہا کہ وہ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان شہریوں کے تبادلے کی رپورٹنگ کے لیے زیادہ صحافیوں کو شمالی کوریا کا سفر کرنے کی اجازت کا مطالبہ کریں گے۔

دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں کے لیے وزارت ’یونیفکیشن‘کے حکام نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کے لیے کھیل، ثقافت، تعلیم اور دوسرے شعبوں میں شہریوں کے تبادلوں کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔

یہ اعلان واشنگٹن اور سیئول کے درمیان سالانہ فوجی مشقوں کے اختتام کے ایک ہفتہ بعد سامنے آیا ہے۔ ان مشقوں کو شمالی کوریا حملے کی ریہرسل کہتا رہا ہے۔

یہ واضح نہیں کہ شمالی کوریا اس پیشکش کا مثبت جواب دے گا یا نہیں کیونکہ وہ جنوبی کوریا کے ساتھ منافع بخش منصوبوں پر تعاون بحال کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔

یونیفیکیشن منسٹری کی ترجمان پارک سو جن نے کہا کہ سرحد پار فٹ بال، ٹیبل ٹینس اور تاریخی مقامات پر مشترکہ کھدائی کے منصوبوں کے ذریعے دونوں ممالک کے لوگوں کو بات چیت کا موقع ملے گا، جس سے انہیں ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

2010 میں اپنے ایک جنگی بحری جہاز پر حملے کے بعد، جس کا الزام شمالی کوریا پر عائد کیا گیا، جنوبی کوریا نے شہریوں کے شمالی کوریا دوروں پر پابندیاں سخت کر دی ہیں۔

پیانگ یانگ جہاز پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتا ہے جس کے ڈوبنے سے 46 جنوبی کوریائی جہاز ران ہلاک ہو گئے تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان اب بھی کشیدگی برقرار ہے۔ بہار میں شمالی کوریا نے امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ جنگی مشقوں کے دوران کم فاصلے پر مار کرنے والے میزائل داغے۔

سیئول میں واقع ایک یونیورسٹی کے پروفیسر یانگ مو جن نے کہا کہ ’’(جنوبی کوریا کے) ان منصوبوں کا محدود اثر ہو گا کیوںکہ جنوبی کوریا شمالی کوریا کو اس چیز کی پشکش نہیں کر رہا جو وہ چاہتا ہے‘‘ مثلاً شمالی کوریا کے خوبصورت پہاڑی علاقے ڈائمنڈ ماؤنٹین پر مشترکہ سیاحتی دورے۔

سیاحت کا یہ منصوبہ تنگ دست شمالی کوریا کے لیے جائز آمدن کا ایک ذریعہ تھا مگر 2008ء میں وہاں جنوبی کوریا کے ایک سیاح کو گولی لگنے سے موت واقع ہونے کے بعد اسے معطل کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG