رسائی کے لنکس

سفیر کی موت پر غمزدہ ہیں: ناروے وزارت خارجہ


سفیر لارسن (فائل فوٹو)
سفیر لارسن (فائل فوٹو)

سفیر لارسن 1984ء سے ناروے کی وزارت خارجہ سے منسلک تھے۔ گزشتہ سال ستمبر میں اسلام آباد کے لیے سفیر متعین ہونے سے قبل وہ افغانستان اور پاکستان کے لیے ناروے کے خصوصی نمائندے کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے تھے۔

ناروے نے پاکستان میں ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے میں اپنے سفیر لائی فالگر لارسن سمیت دیگر افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار ریونا بیوستا نے اوسلو سے فون پر وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ انھیں پاکستانی حکام نے اسلام آباد میں متعین سفیر لائی فالگر لاسن کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کی اطلاع دی۔ اس افسوسناک واقعے میں ناروے کی حکومت مرنے والے سفیر کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کے غم میں شریک ہے۔

"لائی فالگر لارسن ہمارے بہترین اور تجربہ کار سفارتکاروں میں سے ایک تھے۔ وہ محبتیں سمیٹنے والے ایک باعزت ساتھی تھے۔ وزارت اور بیرون ملک مشنز کے لوگ اپنے ایک دوست اور ساتھی کے بچھڑ جانے پر افسردہ ہیں۔

ناروے کے وزیرخارجہ بورگ برینڈن نے پاکستانی مشیر خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز سے فون پر بات کی جس میں اس واقعے پر گفتگو کی گئی۔

ایک بیان کے مطابق ناروے کے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ہلاک و زخمی ہونے والے دیگر افراد کے لواحقین سے بھی دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

سفیر لارسن 1984ء سے ناروے کی وزارت خارجہ سے منسلک تھے۔ گزشتہ سال ستمبر میں اسلام آباد کے لیے سفیر متعین ہونے سے قبل وہ افغانستان اور پاکستان کے لیے ناروے کے خصوصی نمائندے کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے تھے۔

بیان کے مطابق 61 سالہ لارسن نے پسماندگان میں بیوہ اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔

XS
SM
MD
LG