رسائی کے لنکس

سال 2014 ء کی 10 کامیاب ترین ہالی ووڈ فلمیں


ایک نجی خبر رساں ادارے نے پورے سال کی بہترین ہالی وڈ فلموں کی فہرست کو یکجا کیا۔ آئیے دیکھتے ہیں وہ کون کو ن سی دس فلمیں ہیں جو سال 2014ء میں باکس آفس پر دھوم مچانے میں کامیاب رہیں

رواں سال ہالی وڈ میں فیملی ڈرامہ سے لے کر ہارر تک۔۔ مختلف موضوعات پر فلمیں بنیں جن میں سے کچھ نے باکس آفس پر غیرمعمولی کامیاں سمیٹیں۔ انڈو ایشین نیوز ایجنسی کے حوالے سے اکنامک ٹائمز اور انڈیا ٹائمز نے پورے سال کی بہترین ہالی وڈ فلموں کی فہرست کو یکجا کیا۔ آئیے دیکھتے ہیں وہ کون کون سی دس فلمیں ہیں جوباکس آفس پر دھوم مچانے میں کامیاب رہیں:

بوائے ہڈ
گیارہ سال کے طویل عرصے میں بنائی جانے والی فلم ’بوائے ہڈ‘ ایک لڑکے کی نظر سے دنیا کو دیکھنے کی کہانی ہے۔فلم میکر رچرڈ لنک لیٹر نے انسانی جذبات اور ایک نوجوان کے تجربات کو اس خوبی اورمہارت سے پیش کیا کہ بقول فلم بین ’بوائے ہڈ‘ سال کی ایسی فلم ہے جسے نہ دیکھنا ایک ماسٹر پیس کو مس کرنے کے برابر ہے۔

ڈان آف دا ایپس
’ڈان آف دی ایپس‘ نے یہ بات ثابت کر دکھائی کہ ہالی وڈ میں فلم کامیاب کروانے کے لئے کارچیز، ایکشن اور بڑے پیمانے پر تباہی دکھانا ضروری نہیں۔ بلکہ، اگر ذہانت سے لکھی اسٹوری اور عمدہ ویژول کو ملا کر فلم بنائی جائے تو وہ بھی بلاک بسٹر بن جاتی ہے۔ میٹ ریویزکی جذباتی کہانی انسانوں اورایپس کے ایک دوسرے کے ساتھ پرامن طریقے سے رہنے کے گرد گھومتی ہے جس کے بعض جذباتی مناظر نے سینما میں موجود فلم بینوں کو آنسو بہانے پر مجبورکردیا۔

دی فالٹس ان آور اسٹارز
’دی فالٹس ان آور اسٹارز‘ کینسرکے مرض میں مبتلا جوڑے کے درمیان پلنے والی محبت کی کہانی ہے جس میں کئی سینز ایسے ہیں جسے دیکھ کر سانسیں تھمنے سی لگتی ہیں۔ انسانی زندگی کی سب سے بڑی حقیقت یعنی ٹریجڈی کو مرکزی کرداروں نے بہت حقیقی انداز میں سلوراسکرین پر پیش کیا جبکہ مختلف موقع پر بے ساختہ مزاح نے مجموعی تاثر کو اور بھی اسٹرانگ بنایا۔

گون گرل
گیلین فلائن کے ناول ’گون گرل‘ پر اسی نام سے بنائی جانے والی فلم کا شمار بھی سال 2014کی ہٹ فلموں میں ہوتا ہے۔ اس فلم میں ایک جوڑے کی خطرے میں پڑی شادی کو عمدہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ فلم کی خاص بات اس کے ڈائیلاگز ہیں جن کی مدد سے ہر سین میں بھرپور تاثر بنتا ہے۔ ’گون گرل‘ کی کاسٹ نے بھی عمدہ ایکٹنگ کا مظاہرہ کرکے فلم کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔

بگ ہیرو سکس
آج کل کی ایٹیمیڈڈ فلموں میں تفریح برائے تفریح ہی نہیں ہوتی بلکہ جذباتی اینگل بھی موجود ہوتا ہے۔ ڈزنی کی ’بگ ہیرو6‘ کو بھی ایسی ہی سپر ہیرو فلموں میں شامل کیا جا سکتا ہے، جس کا ہیرو غیر معمولی صلاحیتیں رکھنے کے ساتھ ساتھ جذبات بھی رکھتا ہے۔یہ دل کو چھو لینے والی ایسی کہانی پر مبنی ہے جس کا ہیرو ایک روبوٹ ہے جو دل بھی رکھتا ہے اور جذبات بھی۔۔

انٹر اسٹیلر
’انٹر اسٹیلر‘ کا ابتدائی حصہ شاید آپ کو کچھ خاص نہ لگے لیکن جوں جوں فلم کی کہانی آگے بڑھے گی یہ سائنس فکشن دلچسپ ہوتی جائے گی۔فلم سست روی سے آگے بڑھتی ہے لیکن اس کی خاص بات فلم کا کلائمکس ہے جو بہت زبردست طریقے سے پکچرائز کیا گیا ہے تاہم فلم میں مشکل مشکل سائنس فکشن اصطلاحات کا استعمال بورنگ ہے۔

باباڈوک
فلم ’باباڈوک‘ ہارر مووی ہے جس کے مختلف مناظر دیکھنے والوں کی ریڑھ کی ہڈی میں سنسنی دوڑا دیتے ہیں۔ جینفر کینٹ کی ڈائریکٹ کردہ ’بابا ڈوک‘ میں خوف اور ڈر کے نفسیاتی پہلووٴں کو عمدگی سے دکھایا گیا ہے ۔ فلم کے لئے ایزی ڈیوس اورنوح وائز مین کو بجا طور پر آن اسکرین بہتر ین ماں بیٹے کا خطاب دیا جا سکتا ہے۔ مجموعی طور پر ’باباڈوک‘ ایک اچھی ہارر فلم ہے۔

ایج آف ٹومارو
سائنس فکشن ’ایج آف ٹومارو‘ سے ہالی وڈ اسٹار ٹام کروز نے ایک بار پھر سلور اسکرین پر دھماکہ خیز اینٹری دی۔ ایک آرمی پبلک ریلشن آفیسر کے روپ میں جسے چند گھنٹوں کی تیاری کے بعد لڑائی میں شامل ہونے کاحکم ملتا ہے ۔ٹا م کروز نے اپنے فن کا بھرپورمظاہرہ کیا اور سب سے داد وصول کی۔ فلم انتہائی انٹر ٹیننگ اور دلچسپ ہے جسے ٹام کروز کے پرستاروں نے خصوصاًزبردست پذیرائی بخشی۔

دی گرینڈ بڈاپسٹ ہوٹل
ہالی وڈ کے باصلاحیت فلم میکرز میں سے ایک ویز اینڈرسن کی ’ دی گرینڈ بڈاپسٹ ہوٹل‘ کامیڈی فلم ہے جسے رالف فینس کی شاندار اداکاری نے چار چاند لگا دئیے۔

نائٹ کرال
نائٹ کرال میں جیک گلائن ہال کی پرفارمنس اتنی حقیقی اورجاندار ہے کہ انہیں آسکر ایوارڈ مل سکتا ہے۔اس تھرلر میں بہت سے ایسے سین ہیں جو آپ کو پہلو بدلنے پر مجبور کریں گے۔ جیک نے حقیقی زندگی میں ہوئی ٹریجڈی اور قتل عام سے متاثر شخص کا رول بہت پختگی سے نبھایا ہے۔

XS
SM
MD
LG