رسائی کے لنکس

دہشت گردی سے متاثرہ صوبہٴ سرحد اور ملحقہ قبائلی علاقوں کو آفت زدہ قراردیا گیا


وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی
وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی


وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے دہشت گردی سے متاثرہ صوبہٴ سرحد اور ملحقہ قبائلی علاقوں کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے متاثرہ لوگوں اور معیشت کی بحالی اور تباہ شدہ املاک کے اکثرِ نو آبادی کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے مراعات کا اعلان کیا۔

جمعرات کے روز دورہٴ پشاور کے دوران فرنٹیئر ہاؤس میں تاجروں اور صنعت کاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں صوبہٴ سرحد کی حکومت، لوگوں اور سکیورٹی فورسز کے اہل کاروں کے کردار کو سراہا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی تین حصوں میں درجہ بندی کی گئی ہے اور اِسی بنیاد پر مراعات دی جارہی ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں تعمیرِ نو کےلیے وفاقی حکومت نے 17ارب روپے سے زیادہ رقم پہلے ہی فراہم کی ہے جب کہ یہاں پر صنعت و تجارت اور زراعت سے وابستہ افراد کے ذمے 2.66ارب روپے کے واجب الادا قرضے معاف کردیے گئے ہیں۔

ملاکنڈ ڈویژن کے صنعت کاروں اور تجارت پیشہ افراد کے علاوہ عام لوگوں کو دی جانے والی مراعات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ مئی تا ستمبر 2009ء کے گیس اور بجلی کے بلوں کی ادائگی بھی معاف کی جارہی ہے۔

اجلاس سے وزیرِ اعلیٰ صوبہٴ سرحد امیر حیدر خان ہوتی اور وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین کے علاوہ تجارتی اور صنعتی شعبوں سے وابستہ افراد کی تنظیموں کے عہدے داروں اور رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور دہشت گردی سے ہونے والے مالی اور جانی نقصانات کی تفصیلات بیان کیں۔

XS
SM
MD
LG