رسائی کے لنکس

جنوبی ایشیائی کمیونٹی کا سیاست میں مؤثر حصہ لینے کا عزم


پاکستانی نژاد امریکی، ملک ندیم عابد نے، جو نیویارک کی ناسا کاؤنٹی میں ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین بھی ہیں، کہا ہے کہ ’آنے والے صدارتی انتخابات میں جنوبی ایشیائی کمیونٹی نے بھرپور حصہ لینے کا منصوبہ بنایا ہے‘

نیویارک میں جنوبی ایشیائی کمیونٹی متحد ہوکر سیاسی مقام کے لئے کوشاں ہے، اور آنے والے صدارتی انتخابات میں وہ زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی ممکنہ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں نیویارک کے پانچوں بوروز میں کمیٹیوں کی تشکیل شروع ہوگئی ہے، جبکہ بتایا جاتا ہے کہ مئی کے آخری ہفتے میں ہلری کلنٹن کو ساؤتھ ایشین کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب بھی کریں گی۔

’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے، پاکستانی نژاد امریکی، ملک ندیم عابد نے جو نیویارک کی ناسا کاؤنٹی میں ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین بھی ہیں، بتایا کہ ’آنے والے صدارتی انتخابات میں جنوبی ایشیائی کمیونٹی نے بھرپور حصہ لینے کا منصوبہ بنایا ہے‘۔

بقول اُن کے، ’ہم نے ابتدائی طور پر نیویارک کے تمام بوروز میں انتخابی مہم کے لئے کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں، جبکہ یہ کمیٹی ملک بھر میں قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘۔

اسی سلسلے میں، ’ساؤتھ ایشین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی‘ نے گزشتہ دنوں ایک اجتماعی ناشتے کا اہتمام کیا، جس میں جنوبی ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں امریکیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمیونٹی کے مستقبل کے معماروں کو ان کی اعلیٰ تعلیم اور غیر نصابی کارکردگی پر ایوارڈ دئے گئے۔

تقریب میں، نیویارک اسٹیٹ کے کمپٹولر تھامس ڈینایلی، کاونٹی ڈیموکریٹ پارٹی کے چیئرمین رچرڈ شیفر، نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے اراکین فل راموس، تھامسن سیکوٹ، ڈیوٹی مک ڈونا اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی اور مستقبل کے ان معماران کو اپنے مشاہدات میں شریک کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ مواقع کی سرزمین ہے، وہ عزم کریں اور ان کی طرح معاشرے میں مقام بنانے کے لئے آگے بڑھیں۔

’ساوتھ ایشین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی‘ ایک طویل عرصے سے نیویارک میں مقامی سطح کی سیاسی سرگرمیوں میں کمیونٹی کو شریک کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

XS
SM
MD
LG