رسائی کے لنکس

ملکی تعمیر و ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کا وقت آگیا ہے: صدر اوباما


امریکی صدر براک اوباما نے کہاہے کہ افغانستان میں جنگ شروع ہونے کے دس سال سے زیادہ عرصے کے بعد اب اپنی توجہ اپنے ملک کی تعمیر و ترقی پر مرکوز کرنے کا وقت آگیا ہے۔

صدر اوباما نے سنیچر کو اپنے ہفتے وار ریڈیو خطاب میں کہا کہ اب امریکیوں کو اپنے آپ سے یہ سوال ضرور کرنا چاہیے کہ ان کے فوجی اب جس ملک میں لوٹ رہے ہیں ، اس کی حالت کیا ہے؟

انہوں نے کہاکہ ملک ان فوائد کا خیال رکھنا چاہیے جو فوجیوں نے ان کے لیے حاصل کیے ہیں تاکہ ہم بھی ان کی اسی طرح کام آسکیں جس طرح انہوں نے ہمارے لیے خدمات سرانجام دیں ہیں۔

صدر نے کہا کہ ان کے دادا دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد واپس آنے والے فوجیوں کی بحالی کے قانون کے تحت، جسے ’بنیادی امریکہ وعدہ’ کا نام دیا گیاتھا، کالج کی تعلیم حاصل کرنے گئے تھے۔ اس قانون میں کام کے بدلے اپنے خاندان کی پرورش کرنے ، اپنا گھر بنانے اور اپنے بچوں کو کالج بھیجنے کے قابل ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ صدر اوباما نے کہا کہ اس وقت ہمیں جن مسائل کا سامناہے، ان کے پیش نظر اس وعدے کو ایک بار پھر سے اس وعدے کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر اوباما نے کہا کئی عشرے قبل کی عظیم کساد بازاری کے بعد چند سال پہلے آنے والے معاشی بحران پر قابو پانے کی کوششیں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔

صدر نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک نئے روزگار پیدا کرنے ، تعلیم، ماحول دوست توانائی ، طبی شعبے میں تحقیق ، ٹرانسپورٹ اور نیلی مواصلاتی نظاموں میں سرمایہ کاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترجیحات میں کروڑ پتیوں کے لیے اب مزید ٹیکس چھوٹ شامل نہیں ہونی چاہیے

دوسری جانب ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں سینیٹر بوب کروکر نے کہا کہ واشنگٹن حکومت کے اخراجات اور قرضوں کی پالیسی درحقیقت نئی امریکی نسل کے خوابوں کو کچل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال کا صدراتی بجٹ کا اگلے دس سال کے لیے معاشی ترقی کی رفتار کم کرے گا۔

XS
SM
MD
LG