رسائی کے لنکس

پاکستان کے لیے امریکی امداد میں اضافے کی تجویز


اوباما انتظامیہ نے امریکہ کے آئندہ مالی سال کے 3.8 کھرب ڈالر بجٹ میں پاکستان اور افغانستان کے لیے امداد میں خاطر خواہ اضافے کا مسودہ منظوری کے لیے کانگریس میں بھیجا ہے۔

شائع شدہ اعداد و شمار کے مطابق صدر اوباما نے تجویز کیا ہے کہ اکتوبرسے شروع ہونے والے مالی سال 2011ء کے دوران افغانستان کو 4.0 ارب ڈالر جب کہ پاکستان کو 3.1 ارب ڈالر کی امداد دی جائے تاکہ دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے، انھیں شکست دینے اور تعمیر نو کے علاوہ ترقیاتی سرگرمیوں میں دہشت گردی سے متاثرہ ان دونوں پڑوسی ملکوں کی اعانت کی جا سکے۔

مجوزہ اضافے کے بعد پاکستان کے انسدا د دہشت گردی صلاحیت فنڈ کی رقم گذشتہ سال 70کروڑ ڈالر سے بڑھ کر آئندہ مالی سال میں 1.2ارب ڈالر ہو جائے گی۔ اس فنڈ کے تحت حاصل ہونے والی رقم سرحدی علاقوں میں تعینات پاکستانی فوج کی تربیت اور انھیں جدید سامان کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق 3.1 ارب ڈالرمجوزہ امداد میں سے 1.2 ارب ڈالر عسکری شعبے کے لیے جب کہ 1.9 ارب ڈالر سویلین امداد کے لیے ہوں گے جو آئندہ پانچ سالوں کے دوران ملنے والی 7.5 ارب ڈالر کی کیری لوگر امداد کا حصہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG