رسائی کے لنکس

افغان پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: اوباما


صدر اوباما نے کہا کہ وہ افغانستان میں مقصد کے حصول کے لیے اتفاق ِ رائے پر زور دیتے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ جنرل پیٹریاس افغانستان میں امریکی حکمتِ عملی کو سمجھتے ہیں کیونکہ وہ اِس کی تشکیل میں معاونت کر چکے ہیں

صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ جنرل اسٹینلی مک کرسٹل کی سبکدوشی کے باوجود، افغانستان میں امریکی حکمتِ عملی میں تبدیلی نہیں آئیگی ۔

اُنھوں نے یہ بات جمعرات کو روسی صدر دِمتری مدویدیف کے ساتھ اخباری کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ صدر اوباما نے بدھ کو جنرل اسٹینلی مک کرسٹل کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے اُن کی جگہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ڈیوڈ پیٹریاس کا تقرر کیا تھا۔

صدر اوباما نے کہا کہ وہ افغانستان میں مقصد کے حصول کے لیے اتفاق ِ رائے پر زور دیتے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ جنرل پیٹریاس افغانستان میں امریکی حکمتِ عملی کو سمجھتے ہیں کیونکہ وہ اِس کی تشکیل میں معاونت کر چکے ہیں۔

اِس سے قبل جمعرات کو امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا کہ وہ مک کرسٹل کو پیٹریاس سے تبدیل کیے جانے کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں.

گیٹس نے کہا کہ اُن کا دھیان افغانستان میں امریکی قیادت کی فتح کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے، اور وہ پُر اعتماد ہیں کہ پیٹریاس کی کمان میں نیٹو افواج اپنے مقاصد حاصل کرلیں گی۔

وزیرِ دفاع نے جوائنٹ چیفز آف اسٹاف کے چیرمین ایڈمرل مائیک ملن کے ہمراہ گفتگو کی۔ ایڈمرل ملن نےبھی صدر کے فیصلے کی حمایت کی۔

ملن نے کہا کہ رولنگ اسٹون میں چھپنے والے مضمون کے حوالے سے مک کرسٹل کی ناقص قوتِ فیصلہ کا کوئی جواز نہیں۔ مضمون میں مک کرسٹل اور اُن کے مشیروں نے اوباما انتظامیہ کے ارکان کا تمسخر اُڑایا تھا۔

ملن نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے لیےامریکی مشن اور مجموعی حکمتِ عملی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

افغانستان میں امریکی افواج کی قیادت کے لیے جنرل پیٹریاس کی تقرری کی توثیق امریکی سینیٹ کو کرنی ہوگی۔ سینیٹ کی آرمڈ فورسز کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ منگل تک توثیق کے لیے سماعت ہوگی۔

پیٹریاس کی توثیق ہوجانے تک، برطانوی لیفٹیننٹ جنرل نِک پارکر افغانستان میں نیٹو افواج کی قیادت کے فرائض بجا لائیں گے۔ اُن کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی افواج نے بغاوت کا قلع قمع کرنے اور ایک مضبوط قومی سلامتی فورس کو تشکیل دینے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے.

XS
SM
MD
LG