رسائی کے لنکس

جیفری ڈیلورنٹس کیوبا کے لیے امریکی سفیر نامزد


جیفری ڈیلورنٹس (فائل فوٹو)
جیفری ڈیلورنٹس (فائل فوٹو)

جیفری ہوانا میں امریکہ کے نئے سفارت خانے میں کام کر رہے ہیں جو گزشتہ جولائی کو کھولا گیا تھا۔ اوباما نے کہا کہ "(ان سے بہتر) کوئی دوسرا سفارت کار نہیں ہے۔"

صدر براک اوباما نے امریکہ کے ایک اعلیٰ سفارت کار کو کیوبا میں امریکی سفیر نامزد کر دیا ہے۔

جیفری ڈیلورنٹس کی نامزدگی کی توثیق امریکی سینیٹ سے ضروری ہے اور اگر سینیٹ ان کی تقرری کی توثیق کر دیتی ہے تو گزشتہ پچاس سال سے زائد عرصے کے بعد پہلی بار امریکی سفیر ہوانا میں تعینات ہو جائے گا۔

تاہم سینیٹ میں جیفری کی نامزدگی کے لیے ان ریپبلکنز کی طرف سے سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو کیوبا کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے حق میں نہیں ہیں۔

جیفری ہوانا میں امریکہ کے نئے سفارت خانے میں کام کر رہے ہیں جو گزشتہ جولائی کو کھولا گیا تھا۔ اوباما نے کہا کہ "(ان سے بہتر) کوئی دوسرا سفارت کار نہیں ہے۔"

فلوریڈا کے کیوبن نژاد امریکی سینیٹر مارکو روبیو اور ٹیکساس کے ٹیڈ کروز دونوں ریپبلکنز نے ہوانا میں امریکی سفارت خانے کو فراہم کیے جانے والے فنڈز کم کروانے کی کوشش کی اور انہوں نے کہا کہ وہ اوباما کی طرف سے نامزد کیے گئے کسی بھی سفیر کی مخالفت کریں گے۔

جیفری ایک ماہر سفارت کار ہیں اور وہ ہوانا میں اس وقت سے کام کر رہے ہیں جب سے سرد جنگ دور کے دو حریف ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہونا شروع ہوئے۔ وہ اس دوران ہوانا اور واشنگٹن میں سفارت خانے کھولنے اور سفر اور تجارتی تعلقات کو شروع کرنے کے امور میں شامل رہے۔

ہوانا اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی تعلقات تو بحال ہو چکے ہیں تاہم سفری اور تجارتی تعلقات ابھی محدود پیمانے پر ہی شروع ہوئے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات کیوبا میں فیدال کاسترو کے اقتدار میں آنے کے بعد 1961ء میں ختم ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG