رسائی کے لنکس

صدر اوباما کا نواز شریف کو فون، لاہور سانحے پر تعزیت


فائل
فائل

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ وہ وزیرِاعظم پاکستان کی جانب سے لاہور حملے کے بعد امریکہ کا دورہ منسوخ کرنے اور پاکستان میں رہنے کے فیصلے کی اہمیت اور ضرورت سمجھتے ہیں۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے پاکستان کے وزیرِاعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے اتوار کو لاہور میں ہونے والے خود کش حملے پر تعزیت کی ہے۔

وہائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق صدر اوباما نے بدھ کو پاکستانی وزیرِاعظم کو ٹیلی فون کیا اور لاہور میں ہونے والے دہشت گردی کے حالیہ واقعے پر اظہارِ افسوس کیا۔

بیان کے مطابق وزیرِاعظم نواز شریف سے گفتگو کرتےہوئے صدر اوباما کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہونے والے حالیہ حملے نے ایک بار پھر اس خطرے کی اہمیت کو واضح کردیا ہے جو دہشت گردی سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور دنیا کو لاحق ہے۔

صدر اوباما نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ امریکہ دہشت گردی کے مقابلے میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

وہائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما کا مزید کہنا تھا کہ وہ وزیرِاعظم پاکستان کی جانب سے لاہور حملے کے بعد امریکہ کا دورہ منسوخ کرنے اور پاکستان میں رہنے کے فیصلے کی اہمیت اور ضرورت سمجھتے ہیں۔

لاہور کے تفریحی مرکز گلشنِ اقبال پارک میں اتوار کو ہونے والے خود کش حملے میں 70 سے زائد افراد ہلاک اور لگ بھگ 300 زخمی ہوگئے تھے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔

واقعے کے بعد وزیرِاعظم پاکستان نے اپنا امریکہ کا طے شدہ دورہ ملتوی کردیا تھا جس کے دوران انہیں 31 مارچ اور یکم اپریل کو واشنگٹن میں 'نیوکلیئر سکیورٹی' پر ہونے والے دو روزہ سربراہ اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔

XS
SM
MD
LG