رسائی کے لنکس

صدر اوباما کا من موہن سنگھ کو فون


فائل
فائل

'وہائٹ ہاؤس' کے بیان کے مطابق صدر اوباما نے ہفتے کو سبکدوش ہونے والے بھارتی وزیرِاعظم کو فون کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کی ان کی کوششوں کو سراہا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے اپنے دورِ اقتدار میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور امریکہ کے ساتھ تعاون کرنے پر بھارت کے سبکدوش ہونےو الے وزیرِاعظم من موہن سنگھ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

'وہائٹ ہاؤس' کی جانب سے ہفتے کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق صدر اوباما نے ہفتے کو من موہن سنگھ کو فون کیا اور بھارت- امریکہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کی ان کی کوششوں کو سراہا۔

بیان کے مطابق صدر اوباما نے کہا کہ من موہن سنگھ نے امریکہ اور بھارت کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے اور عالمی مسائل پر دونوں ملکوں کے اتحاد میں اہم کردار ادا کیا ہے جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اوباما نے من موہن سنگھ کی دوستی کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ بھارت اور امریکہ کے تعلقات متوقع وزیرِاعظم نریندر مودی کے دور میں مزید مضبوط اور وسیع ہوں گے۔

اس سے قبل جمعے کو امریکی صدر نے نریندر مودی کو بھی ٹیلی فون کرکے لوک سبھا کے انتخابات میں ان کی جماعت 'بھارتیہ جنتا پارٹی' کی تاریخی کامیابی پر مبارک باد دی تھی۔

ٹیلی فون گفتگو کے دوران صدر اوباما نے نریندر مودی کو امریکہ کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی تھی جس کے وقت کا فیصلہ، 'وہائٹ ہاؤس کے مطابق' باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG