رسائی کے لنکس

اوباما، کاسترو ملاقات؛ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور


وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے حالیہ سفارتی پیش رفت اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے درکار اقدامات پر گفتگو کی۔۔۔ ایسے میں جب امریکہ اور کیوبا نے ایک دوسرے ملکوں کے دارالحکومت میں سفارت خانے دوبارہ کھولے ہیں، ابھی مکمل تجارتی تعلقات بحال نہیں ہوئے

امریکی صدر براک اوباما نے منگل کے روز کیوبا کے صدر رئول کاسترو سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے باہر ہوئی۔

دونوں سربراہان کی یہ ملاقات دونوں ملکوں کے درمیان 54 برس کی طویل مدت کے بعد سفارتی تعلقات استوار ہونے کے چند ہی ہفتوں بعد ہوئی۔

ذرائع کے مطابق، ملاقات ایک دوستانہ ماحول میں ہوئی جس دوران رہنماؤں نے ہاتھ ملایا اور پھر چھوٹے قد والے رئول نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’امریکی صدر آپ کتنے قدآور ہیں‘۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے حالیہ سفارتی پیش رفت اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے درکار اقدامات پر گفتگو کی۔

ایسے میں جب امریکہ اور کیوبا نے ایک دوسرے ملکوں کے دارالحکومت میں سفارت خانے دوبارہ کھولے ہیں، ابھی مکمل تجارتی تعلقات بحال نہیں ہوئے۔

ملاقات کے دوران، صدر اوباما نے امریکی ضابطوں میں آنے والی تبدیلی کی نشاندہی کی جن کے نتیجے میں کیوبا سے کاروبار کرنے کے لیے زیادہ امریکیوں کو سفر کی اجازت ہوگی، اور یوں کیوبا کے عوام کی زندگی میں بہتری آئے گی۔

اوباما نے اُن اقدامات پر بھی بات کی جو دونوں ملکوں کے عوام کے مراسم میں بہتری لانے کے حوالے سے امریکہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اور اُنھوں نے کیوبا میں انسانی حقوق کے لیے امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں سربراہان نے پوپ فرینسس کی جانب سے دونوں ملکوں کےحالیہ دورے پر بھی بات کی۔ یہ دونوں رہنماؤں کی دوسری ملاقات تھی۔ پہلی ملاقات اپریل میں پاناما سٹی میں امریکی براعظموں کے رہمناؤں کے سربراہ اجلاس کے دوران ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG