رسائی کے لنکس

صدر اوباما کا روزگار کی فراہمی اور متوسط طبقے کی بہتری پر زور


ڈیموکریٹک پارٹی کے منتخب ارکان سےملاقات میں امی گریشن، اخراجات اور صحت عامہ کے نئے قانون سے متعلق اٹھنے والے سوالات پر گفتگو ہوئی

صدر براک اوباما بدھ کے روز ایوانِ نمائندگان گئے جہاں اُنھوں نے ڈیموکریٹ پارٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں دھیان ’روزگار کی فراہمی، متوسط طبقہ اور شرح نمو‘ پر مرکوز رہا۔

ملاقات میں امی گریشن، اخراجات اور صحت عامہ کے نئےقانون سے متعلق اٹھنے والے سوالات پر گفتگو ہوئی۔


بند کمرے کی دو میں سے ایک نشست میں صدر اوباما نے ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے نمائندوں سے تاریخی کساد بازاری کے بعد نمودار ہونے والی خراب ترین معاشی صورت حال کے ترکے سے نبردآزما ہونے کے لیےاختیار کی گئی حکمت عملی، اور نتیجے میں، بہتری کے آثار کے حصول پر بات کی۔

اُنھوں نے ریپبلیکن نمائندگان اور مالی بہتری کے معاملات کے علاوہ سوچ کے یکساں انداز تلاش کرنے پر زور دیا۔

ڈیموکریٹ ساتھیوں نے اگلے سال ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں پارٹی کو ایوان میں دوبارہ اکثریت دلانے کے لیے صدر کی مدد لینے پر زور دیا۔

اجلاس سے جاتے ہوئے، اوباما نے کہا کہ اُن کا پیغام روزگار کی فراہمی اور معاشی افزائش کا حصول ہے۔

ایوان نمائندگان کے رُکن، الیسن شوارز نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کئی عشروں سے متوسط طقبے پر دھیان مرکوز نہیں رہا، جس کے باعث امریکی محنت اور تگ و دو تو کرتے آئے ہیں، لیکن وہ اپنے اور اپنے بچوں کے لیے اُس پیمانے کی معاشی ترقی حاصل نہیں کر پائے جو ہونی چاہئیے تھی۔ ہم جو بھی انداز اپنائیں، یہ بات ہمارے ذہن میں رہنی چاہیئے۔

ایوانِ نمائندگان نے صدر کو برتھ ڈے کیک پیش کیا۔ اوباما اتوار کو 52 برس کے ہوجائیں گے۔

بعد ازاں، صبح ہی کو صدر نے سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھیوں سے بند کمرے میں ملاقات کی۔

یہ ملاقاتیں ایسے وقت ہو رہی ہیں جب قانون ساز ایوان سے چھ ہفتے کے وقفے پر جانے والے ہیں، اور متوقع طور پر وہ اپنے حلقوں میں ووٹروں سے ملیں گے۔ رائے عامہ کے جائزوں سے پتا چلتا ہے کہ کانگریس کی شہرت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
XS
SM
MD
LG