رسائی کے لنکس

اوباما انسدادِ دہشت گردی کی نئی پالیسیوں کا اعلان کریں گے


امریکی صدر براک اوباما کرسمس کے دن (25 دسمبر 2009ء) امریکی طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کے پیشِ نظر نئی انسدادِ دہشت گردی پالیسیوں کا اعلان کریں گے۔

صدر اوباما منگل کے روز اپنی سیکیورٹی ٹیم کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے بعد ان پالیسیوں کے خاکے کا اعلان کریں گے۔ انھوں نے ان حکام کو وائٹ ہاؤس میں بلا رکھا ہے اور ان کے ساتھ نائجیریا کے عمر فاروق عبدالمطب کی طرف سے امریکی جہاز کو تباہ کرنے کی کوشش کے بارے میں تبادلہٴ خیال جاری ہے۔

صدر ایف بی آئی کے ڈائریکٹر رابرٹ میولر کی طرف سے اس سلسلے میں ہونے والی تحقیقات کی رپورٹ بھی سنیں گے، جب کہ اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر 23 سالہ عمر فاروق کے مقدمے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری جینٹ نیپولیتانو دہشت گردوں کی نشان دہی کے طریقوں کا جائزہ پیش کریں گی۔

اس ملاقات میں وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن، وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس اور سی آئی اے کے ڈائرکٹر لیون پنیٹا بھی شامل ہیں۔

صدر اوباما نے تمام ایجنسیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اس بات کی چھان بین کریں کہ عمر فاروق کس طرح ایمسٹرڈم سے ڈیٹرائٹ کی فلائٹ کے اندر دھماکا خیز مواد لانے میں کامیاب ہو گیا۔

XS
SM
MD
LG