رسائی کے لنکس

توانائی میں خود انحصاری کی ضرورت ہے : اوباما


وہائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے درآمد شدہ ایندھن پر امریکہ کے انحصار میں کمی لانے کی جانب پیش رفت ہوئی ہے لیکن مقامی طور پر گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اس جانب اشارہ ہیں کہ اوباما تنظامیہ کو اس ضمن میں مزید بہت کچھ کرنا ہے۔

وہائٹ ہاؤس نے یہ بات پیر کو ایک بیان میں کہی ہے جو امریکہ میں توانائی کی صورتِ حال سے متعلق سالانہ رپورٹ صدر براک اوباما کو پیش کیے جانے کے موقع پر جاری کیا گیاہے۔

رپورٹ میں درآمد شدہ ایندھن پر امریکی انحصار میں کمی لانے اور توانائی کے مقامی ذرائع کے استعمال میں اضافے کے لیے گزشتہ ایک برس میں کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا گیاہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس کے دوران میں تیل کی امریکی درآمدات میں 10 فی صد، یعنی 10 لاکھ بیرل یومیہ، کمی آئی ہے۔ رپورٹ میں اندرونِ ملک تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافے، توانائی کے متبادل ذرائع اور ایندھن کی بچت کے لیے کیے جانےوالے اقدامات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔

توانائی کی صورتِ حال سے متعلق رپورٹ صدر اوباما کو ایک ایسے وقت میں پیش کی گئی ہے جب ایندھن کی قیمتوں کے بارے میں امریکی باشندوں کی تشویش میں اضافہ ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ میں موسمِ گرما کا آغاز ہونے والا ہے جس کے دوران میں گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

دریں اثنا 'واشنگٹن پوسٹ' اور نشریاتی ادارے 'اے بی سی نیوز' کی جانب سے مشترکہ طور پر کیے جانے والے رائے عامہ کے ایک حالیہ جائزے کے مطابق اندرونِ ملک صدر اوباما کی مقبولیت، جو گزشتہ ماہ 50 فی صد تھی، گھٹ کر 46 فی صد کی سطح پر آگئی ہے۔

جائزے میں حصہ لینے والے دو تہائی افراد نے حالیہ ہفتوں میں گیس کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سے متعلق صدر اوباما کی حکمتِ عملی پہ ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG