رسائی کے لنکس

حفظانِ صحت میں اصلاحات سے خسارے میں کمی آئے گی: ڈیموکریٹ ارکان


مجوزہ قانون اُن تین کروڑ سے زائد امریکیوں کوصحت کا بیمہ فراہم کرے گا جِن کے پاس یہ سہولت نہیں ہے،

امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے قانون سازوں نے کہا ہے کہ صدر باراک اوباما کا ہیلتھ کئیر میں بہتری لانے کے منصوبے کے پہلے 10برسوں کے دوران 940ارب ڈالر کے اخراجات ضرور اُٹھیں گے، لیکن اِسی عرصے کے دوران وفاقی خسارے میں 130ارب ڈالر کی کمی واقع ہوگی۔

ایوانِ نمائندگان میں اکثریتی پارٹی کے قائد نے جمعرات کو بتایا کہ کانگریس کے خودمختاربجٹ آفس کا کہنا ہے کہ ہلیتھ کئیر کی منظوری کےدو عشرے بعد قومی خسارے میں دس کھرب ڈالر تک کی کمی آئے گی۔

ڈیموکریٹس کو توقع ہے کہ إِن اعداد و شمار کی مدد سے بِل پراُٹھنے والے کثیر مالی اخراجات پر کچھ قانون سازوں کی طرف سے تشویش دور ہوجائے گی۔


جمعرات کو صدر اوباما نے اِسے1990ء کی دہائی سے لے کر اب تک وفاقی خسارے میں کمی لانے کی کوششوں میں نہایت ہی اہم قانون سازی قرار دیا ہے۔


لیکن حزب ِ اختلاف ری پبلکن پارٹی کے قانون ساز بِل کی سختی سے مخالفت کر رہے ہیں۔ ایوان میں ری پبلکن پارٹی کے اقلیتی پارلیمانی قائد، جان بونر نے جمعرات کو کہا کہ اِس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ یہ بِل کسی طور منظور نہ ہو، ری پبلکن ارکان اپنی تمام تر کوششیں کریں گے۔


ری پبلیکن پارٹی کے ارکان پیکیج کی مخالفت اِس پر اُٹھنے والے اخراجات اور اپنی اِس تشویش کے باعث کر رہے ہیں کہ اِس طرح حکومت کو حفظانِ صحت پر بہت زیادہ کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔


بدھ کے روز،  ڈیموکریٹک پارٹی کے قانون ساز ڈینس کسینک نے اعلان کیا کہ وہ حفظانِ صحت کے نظام میں اصلاحات کے بِل کی حمایت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ شروع میںٕ اِس بِل کی مخالفت کر رہے تھے لیکن اُنھوں نے کہا کہ اُن کے مؤقف میں یہ تبدیلی کسی حد تک اِس تشویش کے باعث آئی ہے کہ بِل کی ناکامی مسٹر اوباما کی صدارت پر منفی طور پر اثر انداز ہوگی۔


مجوزہ قانون سازی اُن تین کروڑ سے زائد امریکیوں کو ہیلتھ کئیر انشورنس فراہم کرے گی جِن کے پاس یہ سہولت نہیں ہے، اور اِس کے تحت پہلے سے موجود طبی عارضوں کے علاج کے اخراجات فراہم کرنے سے انکار کی مانند، ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کے کچھ طور طریقوں پر پابندی عائد کردی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG