رسائی کے لنکس

چمکیلی دھوپ، ساحلی ریت اور برف کے گولے


امورِ مملکت انجام دینے کے ساتھ ساتھ، صدر اوباما نےگولف اور باسکٹ بال کے کھیلوں میں حصّہ لیا، ساحلِ سمندر کی سیر کی، ہنو لُلو میں اپنے پسندیدہ ریستوراں میں کھانا کھایا اور اپنے پرانے دوستوں سے ملاقاتیں کیں

امریکہ کےصدر براک اوباما کے لیے کرسمس اور سالِ نو کی تعطیلات کا زمانہ ، بچپن کی یادیں تازہ کرنے کا وقت ہے۔
امریکہ کے خاندانِ اوّل نے پچھلا ہفتہ مسٹر اوباما کی آبائى ریاست ہواای میں گزارا، جہاں صدر نے سکیورٹی کی صورتِ حال کے بارے میں باقاعدگی سے بریفنگ لینے اور دیگر امورِ مملکت انجام دینے کے ساتھ ساتھ گولف اور باسکٹ بال کے کھیلوں میں حصّہ، ساحلِ سمندر کی سیر کی، ہنو لُلو میں اپنے پسندیدہ ریستوراں میں کھانا کھایا اور اپنے پرانے دوستوں سے ملاقاتیں کیں۔
یکم جنوری یعنی نئے سال کے پہلے دن، مسٹر اوباما اپنی بیٹیوں کو لے کر ہواای میں روایتی طور بچّوں کی من بھاتی چیز، برف کے گولے کھانے کے لیے ایک خاص دکان پر پہنچ گئے۔
صدر نے برف کے چُورے کے گولے پر اپنے بچپن کے پسندیدہ لیمو، چیری اور امرود کے ذائقے اور خوشبو والے شربتوں کی فرمائش کی۔ دکاندار نے اب صدر کے اعزاز میں خاص ان شربتوں سے تر بتر اپنے برف کے گولے کو ” سنو باما “ کا نام دے دیا ہے۔
صدر کے خاندان نے 31 دسمبر کی شام کو ایک سائینسی کہانی پر بنائى ہوئى مقبول تھری ڈی فلم اواتار دیکھی۔
لیکن صدر کے خاندان کے لیے تعطیل کے دوران تفریح اور بے فکری کا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ سخت حفاظتی انتظامات بھی جاری ہیں۔ مثلاً فلم دیکھنے کے لیے اوباما خاندان شام کو فلم کا وقت شروع ہونے سے بہت پہلے سنیما پہنچا تھا تاکہ وہ لوگ ایک خالی ہال میں بیٹھ کرفلم سے لطف اندوز ہوسکیں۔
اسی طرح جب خاندانِ اوّل نے سمندر کے کسی ساحل کا رُخ کیا تو حکام نے اُس پورے ساحل کو خالی کرالیا تھا۔

XS
SM
MD
LG