رسائی کے لنکس

اسرائیل کا آبادکاری کا منصوبہ امن مذاکرات میں مددگار ثابت نہیں ہو گا: اوباما


اسرائیل کا آبادکاری کا منصوبہ امن مذاکرات میں مددگار ثابت نہیں ہو گا: اوباما
اسرائیل کا آبادکاری کا منصوبہ امن مذاکرات میں مددگار ثابت نہیں ہو گا: اوباما

امریکی صدر باراک اوباما نے مشرقی یروشلم میں یہودی بستیوں کی تعمیر کے متنازع منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ اسرائیلی عرب امن کوششوں کے لیے مدد گار ثابت نہیں ہو گا۔

بدھ کے روز امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر اوباما نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کا اس بارے میں اختلاف ہے کہ اسرائیل فلسطین امن مذاکرات کو کیسے آگے بڑھایا جائے۔ تاہم انھوں نے مزید کہا کہ امریکی اور اسرائیلی عوام کا آپس میں ایک خاص تعلق ہے جو کبھی ختم نہیں ہو گا۔

اسرائیل نے گذشتہ ہفتے مشرقی یروشلم میں 1600 نئے گھر بسانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اعلیٰ امریکی حکام کی طرف سے مذمت کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔

انٹرویو میں امریکی صدر نے واضح کیا کہ ان کی انتظامیہ نے مشرقی یروشلم میں اسرائیل کی طرف سے یہودی عبادت گاہ کے کھلنے پر فلسطینیوں کی طرف سے کیے جانے والے مظاہروں کی بھی مذمت کی تھی۔ یہ عبادت گاہ یروشلم شہر کے پرانے حصے میں مسلمانوں کے مذہبی مقامات کے قریب واقع ہے۔

XS
SM
MD
LG