رسائی کے لنکس

صدر اوباما کو دلائی لاما سے ملاقات سے گریز کرنا چاہیے۔ چینی انتباہ


چین نے متنبہ کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کو تبت کے روحانی رہنماء دلائی لاما سے ملاقات کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ ایسی ملاقات سے دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچے گا۔

منگل کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دلائی لاما سے مذاکرات کرنے والے سرکاری ادارے کے سربراہ Zhu Weiqun نے کہا کہ اگر اوباما یہ ملاقات کرتے ہیں تو یہ چین اور امریکہ کے درمیان اعتمادو تعاون کی فضا کے لیے خطرناک ہو گا۔

تاہم تبت کی جلاوطن حکومت کے ایک ترجمان نے چین کے اس انتباہ کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ چین اور دلائی لاما کے نمائندوں کے درمیان ایک منصفانہ اور ایمانداری پر مبنی مذاکراتی عمل میں امریکہ کردار ادا کر سکتا ہے لہذا صدر اوباما اور ان کے روحانی لیڈر کے درمیان ملاقات ایک درست اقدام ہے۔

چین نے یہ انتباہ دلائی لاما کے نمائندوں کے ساتھ ایک ہفتہ قبل ہونے والی بات چیت کے بعد جاری کیا ہے جس میں تبت کے مستقبل پر بیجنگ کی طرف سے کسی سمجھوتے پر آمادگی کا اظہار نہیں ہو سکا ۔ چینی مذاکرات کاروں نے با ت چیت میں ایک بار پھر واضح کیا تھا کہ تبت کی خودمختاری پر چین کوئی سمجھوتا یا رعایت نہیں دے گا۔

اس ملاقات میں دلائی لاما کی نمائندگی کرنے والا دو رکنی وفد منگل کو اس بارے میں شمالی بھارت میں تبت کی جلاوطن حکومت کے ہیڈکوارٹر دھرم شالہ میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ جلاوطن حکومت کے ترجمان نے پیر کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں چینی حکام کے ساتھ رابطوں کی بحالی کو حوصلہ افزا قرار دیا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ چینی حکومت اور دلائی لاما کے نمائندوں کے درمیان 15 ماہ قبل ہونے والے مذاکرات میں بھی کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔

دلائی لاما 16 فروری سے امریکہ کا دس روزہ دورہ شروع کریں گے لیکن صدر اوباما کے ساتھ ان کی ملاقات کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ تبت کے اس روحانی رہنما ء نے پچھلے سال اکتوبر میں بھی امریکہ کا دورہ کیا تھا لیکن مبینہ طور پر چینی حکومت کے دباؤ میں آکر ان سے ملاقات نہ کرنے کے فیصلے پر صدر اوباما کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG