رسائی کے لنکس

رمضان کے آغاز پر صدر اوباما کا پیغام


اپنے پیغام میں امریکی صدر نے ماہِ رمضان امن، انصاف اور مساوات جیسے اصولوں کی یاد دہانی بھی کراتا ہے جو مختلف مذاہب اور عقائد کے ماننے والوں کو باہم جوڑتے ہیں۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے ماہِ رمضان کے آغاز پر امریکہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔

ہفتے کو 'وہائٹ ہاؤس' کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں صدر اوباما نے کہا ہے کہ رمضان کے مہینے میں جہاں ایک جانب مسلمان روزے اور نماز کے ذریعے اخلاص کا حصول اور خود احتسابی کرتے ہیں وہیں یہ مہینہ ان میں معاشی مشکلات کا شکار اور غریب طبقے کے افراد کی امداد کرنے کا جذبہ بھی تازہ کرتا ہے۔

اپنے پیغام میں امریکی صدر نے مزید کہا ہے کہ رمضان ہمیں ہماری یہ ذمہ داری بھی یاد دلاتا ہے کہ ہمیں دوسرے لوگوں کے ساتھ بھی ویسا ہی برتاؤ کرنا ہے جیسا ہم خود اپنے ساتھ ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان امن، انصاف اور مساوات جیسے اصولوں کی یاد دہانی بھی کراتا ہے جو مختلف مذاہب اور عقائد کے ماننے والوں کو باہم جوڑتے ہیں۔

اپنے پیغام میں امریکی صدر نے مزید کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب تشدد اور تصادم کے باعث دنیا میں بہت سے افراد اذیتیں اٹھارہے ہیں، اس ماہِ مقدس کی آمد ہمیں یاد دلارہی ہے کہ انصاف اور امن کے لیے جدوجہد کرنا اور ہر انسان کی عزتِ نفس کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

صدر اوباما نے کہا کہ وہ رمضان کے اس موقع پر ان مسلمان امریکیوں کے بھی شکر گزار ہیں جو اپنے عطیات اور کوششوں سے امریکی معاشرے میں معاشی تفریق کے خاتمے اور لوگوں کو تعلیم، ہنر اور صحت کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

اپنے پیغام میں صدر اوباما نے کہا ہے کہ وہ امریکی مسلمانوں کی ان خدمات کے اعتراف میں ہر سال کی طرح اس رمضان میں بھی افطار عشائیے کی میزبانی کریں گے۔

دریں اثنا امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے بھی امریکہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ مہینہ مسلمانوں کے لیے پرامن اور خوشیوں سے بھرپور ثابت ہوگا۔

XS
SM
MD
LG