رسائی کے لنکس

9/11حملوں کےمقام کےنزدیک مسجدکی تعمیر: اوباما کی حمایت


امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ وہ نیو یارک میں 11ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں کےمقام کے قریب بنائے جانے والی مسجد کے متنازع منصوبے کی حمایت کرتے ہیں۔

اُنھوں نے یہ بات جمعے کو وائٹ ہاؤس میں متبرک اسلامی مہینے رمضان میں دی گئی افطارعشائیے کے موقعے پر کہی۔ مسٹر اوباما نے کہا کہ مسلمانوں کو ‘حق حاصل ہے کہ وہ لوئر مین ہٹن میں نجی املاک پر عبادت کی جگہ اور کمیونٹی سینٹر تعمیر کریں۔’ اُنھوں نے کہا کہ مذہبی آزادی کے بارے میں امریکہ کا عزم ‘غیرمتزلزل ’ہے۔

اِس تجویز پر صدر کے تاثرات پہلی بار سامنے آئے ہیں۔ سی این این کے جائزے کے مطابق تقریباً 70 فی صد امریکی مسجد کی تعمیر کے منصوبے کے خلاف ہیں جو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے دوہرے ٹاورز کی جگہ سے دو بلاک دور ہے جہاں القاعدہ کے ہائی جیکروں نےدو مسافر طیاروں کو ٹکرا دیا تھا جِس میں تقریباً 3000افراد ہلاک ہوئے تھے۔

نیو یارک سے کانگریس کے ری پبلیکن رُکن پیٹر کنگ نے کہا ہے کہ مسجد کی تعمیر ‘بے حسی اور بے دردی’ کی غماز ہے۔

یہ مسجد 10کروڑ ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اسلامی سینٹر کا حصہ ہے جِس میں 500نشستوں والا آڈیٹوریم، اسپورٹس کی سہولیات، تھیٹر اور ریستوران شامل ہوں گے، جِس کے دورازے سارے سیاحوں کے لیے کھُلے ہوں گے۔

متعدد امریکی کہتے ہیں کہ 11ستمبر کے مقام کے اتنے نزدیک ایک مسجد کی تعمیر ہلاک شدگان کا احترام نہ کرنے کے مترادف ہے۔

اِس منصوبے کے حمایتیوں میں نیو یارک سٹی کے میئر مائیکل بلوم برگ شامل ہیں، جو کہتے ہیں کہ یہ منصوبہ مغرب اور مسلم دنیا کے درمیان حائل خلیج کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

XS
SM
MD
LG