رسائی کے لنکس

نیٹوکانفرنس سے صدر اوباما کا اختتامی خطاب، افغان روڈمیپ تیار


مسٹر اوباما نے کہا کہ نیٹو کے ممبر ممالک جنگ کے خاتمہ کے ایک ایسے منصوبے پر متحد ہیں جس کے تحت افغان حکومت 2014 تک اپنی سیکیورٹی کی پوری ذمہ داریاں خود اٹھا سکے۔

امریکی صدر براک اوباما نے کہاہے کہ شکاگو کی سربراہ کانفرنس کا اختتام مستقبل میں افغانستان میں اتحادی ممالک کے کردار کے ایک واضح روڈ میپ کے ساتھ ہوا ہے۔

پیر کے روز دوروزہ کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے اپنے خطاب میں مسٹر اوباما نے کہا کہ نیٹو کے ممبر ممالک جنگ کے خاتمہ کے ایک ایسے منصوبے پر متحد ہیں جس کے تحت افغان حکومت 2014 تک اپنی سیکیورٹی کی پوری ذمہ داریاں خود اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کی ذمہ داریوں کی منتقلی کا عمل بہتر طور پر کام ہورہا ہے لیکن 2014ء کے بعد افغانستان کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو افغان فورسز کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی تربیت کا کام جاری رکھے گی۔

مسٹراوباما نے کہا کہ شکاگو کانفرنس سے نیٹو مزید مضبوط ہوئی ہے اور عالمی سیکیورٹی کے ایک مرکز کے طور پر اس کی اہمیت بڑھی ہے۔

اس وقت افغانستان میں تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار غیر ملکی اتحادی فوجی موجود ہیں۔

فرانس کے نو منتخب صدر فرانسوا اولانت نے اپنے اس عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے کہ ان کا ملک اس سال کے آخر تک اپنے لڑاکا فوجی دستے افغانستان سے نکال لے گا۔

افغانستان میں فرانس کے 3300 فوجی موجود ہیں جو نیٹو سے تعلق رکھنے والے ممالک کی پانچویں بڑی فوجی قوت ہے۔

XS
SM
MD
LG