رسائی کے لنکس

پاکستانی نژاد امریکی شہری وفاقی جج نامزد


امریکہ میں مسلمانوں کی ایک بڑی نمائندہ تنظیم "کیئر" نے صدر اوباما کی طرف سے ایک مسلمان جج کی نامزدگی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

صدر براک اوباما نے امریکہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی مسلمان کو وفاقی جج کے منصب کے لیے نامزد کیا ہے۔

عابد ریاض قریشی پاکستانی نژاد امریکی شہری ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی عدالت میں جج نامزد کیا گیا ہے۔

منگل کو ایک بیان میں صدر اوباما نے کہا کہ "میں خوشی کے ساتھ قریشی کو امریکہ کی ڈسٹرکٹ عدالت بینچ میں خدمات کے لیے نامزد کرتا ہوں۔ میں پر اعتماد ہوں کہ وہ امریکی عوام کی باوقار انداز میں خدمت اور انصاف کے لیے ثابت قدمی سے پرعزم رہیں گے۔"

امریکہ میں مسلمانوں کی ایک بڑی نمائندہ تنظیم "کیئر" نے صدر اوباما کی طرف سے ایک مسلمان جج کی نامزدگی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

ایک بیان میں کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (کیئر) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نہاد اعواد کا کہنا تھا کہ "عابد قریشی کی نامزدگی شمولیت کا ایک پیغام ہے جس کا امریکی مسلمان برادری خیر مقدم کرتی ہے۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت جب بعض لوگ تقسیم اور اختلاف میں کوشاں ہیں (عابد قریشی کی نامزدگی کا) تمام امریکی جو تنوع اور باہمی احترام پر یقین رکھتے ہیں خیرمقدم کرتے ہیں۔

نہاد اعواد کے بقول "اگر نامزدگی منظور ہو جاتی ہے، قریشی ان لاکھوں امریکی مسلمانوں میں شامل ہو جائیں گے جو اس قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔"

عابد ریاض قریشی پاکستان میں پیدا ہوئے۔ 1993ء میں انھوں نے کورنیل یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی اور پھر 1997ء میں ہارورڈ لا اسکول سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

عابد قریشی امریکی سینیٹ سے اپنی نامزدگی کی توثیق ہونے کے بعد یہ منصب سنبھال سکیں گے۔

XS
SM
MD
LG