رسائی کے لنکس

پاکستان کے یوم آزاد ی پر صدر اومابا کا پیغام


پاکستان کے 63ویں جشن آزادی کے موقع پر امریکی صدر براک اوباما نے اپنے تہنیتی پیغام میں امریکی عوام کی طرف سے پاکستانی قوم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکرتے ہوئے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا ہے۔

صدر اوباما نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اپنایوم آزادی ایسے وقت منارہا ہے جب ضرورت کی اس گھڑی میں دیگر ممالک کی طرف سے اس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جارہا ہے اور یہ عالمی برادری کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ جشن آزادی کا یہ دن ایک ایسے موقع پر منایا جارہا ہے جب پاکستانی عوام سیلاب کی صورت میں درپیش ایک مشکل چیلنج سے نبردآزما ہیں اور اس مصیبت کی گھڑی میں دونوں ملکوں کے گہرے تعلقات کے پیش نظر انھوں نے اپنی انتظامیہ کو پاکستانی حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ اس بحران سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنے کی ہدایت کررکھی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ان کے عوام پاکستانی لوگوں کے ساتھ ہیں اوروہ عالمی برادری پر بھی زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی امداد میں اضافہ کرے۔

سیلاب زدگان کے لیے امدادی اشیا امریکی ہیلی کاپٹر سے اتاری جارہی ہیں
سیلاب زدگان کے لیے امدادی اشیا امریکی ہیلی کاپٹر سے اتاری جارہی ہیں

صدر اوباما نے کہا کہ امریکہ نے فوری طور پر مالی امداد کے علاوہ ،دیگر اشیائے ضروری بہم پہنچانے کے ساتھ ساتھ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے ہیلی کاپٹر ، کشتیاں اور آفت سے نمٹنے کے ماہرین بھی پاکستان بھیجے ۔ اُنھوں نے کہا کہ امریکہ اس بحران سے نکلنے کے لیے پاکستان کی مدد اور حمایت جاری رکھے گا۔

XS
SM
MD
LG